یوسین بولٹ کیریئر کی آخری ریس جیتنے میں ناکام، گر کر زخمی ہو گئے

برطانیہ کی ٹیم نے مردوں کی 4x100 میٹر کی ریس میں پہلی دفعہ طلائی تمغہ اپنے نام کر لیا

اتوار 13 اگست 2017 13:30

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 اگست2017ء) تاریخ کے سب سے کامیاب اور تیز ترین ایتھلیٹ جمیکا کے یوسین بولٹ اپنے شاندار کیریئر کی آخری ریس میں پٹھا کھینچ جانے کے سبب دوڑتے ہوئے گر گئے اور ریس ختم نہ کر سکے اور برطانیہ کی ٹیم نے مردوں کی 4x100 میٹر کی ریس میں طلائی تمغہ اپنے نام کر لیا۔یہ پہلا موقع تھا جب برطانوی ٹیم نے کسی عالمی مقابلے میں طلائی تمغہ حاصل کیا ہو۔

برطانوی ٹیم میں سی جے اوجا، ایڈم گیمیلی، ڈینی ٹالبوٹ اور نتھانیل مچل بلیک شامل تھے۔ امریکہ نے چاندی کا تمغہ جبکہ جاپان نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔یوسین بولٹ کی آخری ریس ان کے لیے نہایت تکلیف دہ ثابت ہوئی اور ریس حتم ہونے کے بعد ان کے لیے وہیل چیئر منگوانی پڑی اور ان کے ساتھیوں نے ان کو سہارا دے کر اٹھایا۔

(جاری ہے)

لندن میں ہونے والے عالمی مقابلوں میں بولٹ اس سے پہلے سو میٹر کی ریس میں بھی شکست کھا گئے تھے اور صرف کانسی کا تمغہ حاصل کر سکے تھے۔

اس ریس میں جمیکا کی ٹیم تیسرے نمبر پر تھی جب یوسین بولٹ کو ان کے ساتھی یوہان بلیک نے بیٹن تھمایا اور ایک موقع پر لگ رہا تھا کہ دنیا کے تیز ترین اتھلیٹ اپنی آخری ریس میں اپنی ٹیم کو جیت سے ہمکنار کروا دیں گے لیکن 50 میٹر بھاگنے کے بعد بولٹ لڑکھڑانے لگے اور قلابازی کھاتے ہوئے گر گئے۔ان عالمی مقابلوں میں بولٹ کے علاوہ برطانیہ کے معروف ترین درمیانے فاصلے کے رنر مو فرح کو بھی خفت اٹھانی پڑی جب 5000 میٹر کی ریس میں انھیں ایتھیوپیا کے مختار ادریس نے ہرا کر طلائی تمغہ حاصل کر لیا۔مو فرح کا برطانیہ میں یہ آخری مقابلہ تھا اور اس کے بعد وہ اسی ماہ زیورخ میں 5000 میٹر کی ریس میں شرکت کرنے کے بعد اپنے کیریئر کو الوداع کہہ دیں گے۔

متعلقہ عنوان :