پاکستان کا قیام برصغیر جنوبی ایشیاء کے مسلمانوں کے اجتماعی قومی امنگوں اور آرزوں کا مظہر ہے

قائد اعظم نے تحریک پاکستان کو کامیابی سے ہمکنار کر کے نہ صرف تاریخ کا دھارا بدل کر رکھ دیا بلکہ دنیا کے نقشہ کو تبدیل کر کے رکھ دیا صدرریاست سردار محمد مسعود خان‘ وزیراعظم راجہ فاروق حیدر اور وزیر اطلاعات مشتاق منہاس کے یوم آزادی پر الگ الگ پیغامات

اتوار 13 اگست 2017 13:10

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2017ء) صدر آزادجموںو کشمیر سردار محمد مسعود خان،وزیرا عظم راجہ محمد فاروق حیدر خان اور وزیر اطلاعات مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ پاکستان کا قیام دو قومی نظریہ کا مرہون منت ہے اور اس نظریہ کی بنیاد پر جب پہلی بار مفکر اسلام حضرت علامہ اقبال نے برصغیر کو تقسیم کر کے مسلمانوں کیلئے علیحدہ مملکت کے قیام کا تصور پیش کیا تھا تو اس کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے مسلمانوں کے قومی تشخص اور اسلام کی تہذیبی اور ثقافتی اقدار اور روایا ت پر خاص زور دیا تھا ۔

انہوں نے قائد اعظم کی خصوصی توجہ مبذول کرائی تھی کہ شریعت اسلامیہ کے نفاذ کیلئے ایک علیحدہ اسلامی ریاست کا قیام ناگزیر ہے ۔ قائد اعظم نے اس نظریہ کی بنیاد پر مسلم لیگ کو منظم کر کے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک پرچم تلے متحد کیا ۔

(جاری ہے)

انہیں اپنے مقصد کی صداقت اور مسلمان عوام کی اجتماعی فہم و فراست پر غیر متزلزل یقین و اعتماد تھا۔ یہی وجہ ہے کہ آپ نے قرارداد پاکستان کی منظوری کے بعد صرف سات سال کے قلیل عرصہ میں ہندوؤں اور انگریزوں کی شدید ترین مخالف کے باوجود صرف اور صرف آئینی جدو جہد کے ذریعے تحریک پاکستان کو کامیابی سے ہمکنار کر دیا ۔

اسوقت ملک اندرونی وبیرونی سازشوں کا شکار ہے جسکے لیے قوم کو متحد ہو کر ایک مرتبہ پھر 1947جیسی یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جشن آزادی کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں کیا۔صدر سردار محمد مسعود خان نے کہا کہ آج پوری قوم جشن آزادی منا رہی ہے ۔ اس موقع پر میں پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ 14/اگست ایک تاریخ ساز دن ہے جب مسلمانوں کی واحد نمائندہ سیاسی جماعت آل انڈیا مسلم لیگ کے سبز ہلالی پرچم تلے بابائے قوم حضرت قائد اعظم محمد علی جناح کی مدبرانہ اور بے لوث قیادت میں دنیا کی سب سے بڑی نظریاتی اسلامی مملکت خداداد پاکستان معرض وجود میں آئی ۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک ناقابل تردید حقیقت ہے کہ پاکستان کا قیام برصغیر جنوبی ایشیاء کے مسلمانوں کے اجتماعی قومی امنگوں اور آرزوں کا مظہر ہے ۔ قائد اعظم نے تحریک پاکستان کو کامیابی سے ہمکنار کر کے نہ صرف تاریخ کا دھارا بدل کر رکھ دیا بلکہ دنیا کے نقشہ کو تبدیل کر کے رکھ دیا ۔وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ آج جشن آزادی کے موقع پر یہ کہنا بے جا نہ ہو گا کہ کشمیر کے بغیر پاکستان نظریاتی اور جغرافیائی لحاظ سے نامکمل ہے اس پس منظر میں اگر ریاست جموں و کشمیر کے مسلمانوں کی قومی تحریک آزادی کا جائزہ لیا جائے تو یہ تاریخی حقیقت تسلیم کرنی پڑتی ہے کہ قرارداد پاکستان کی منظوری کے بعد ریاست کے مسلمانوں نے اپنی تحریک آزادی کو تحریک پاکستان سے وابستہ کر دیا تھا ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے باشعور اور غیور عوام نے حالیہ انتخابات میں مسلم لیگ(ن) کو بھاری اکثریت سے کامیاب کیا ہے اور یہ ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان کے ساتھ ہمارا الحاق حتمی ہے ۔اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا ہمارے جذبوں ، سوچ اور روح میں نظریہ پاکستان رچابسا ہے ۔ بھارت ایک طویل عرصہ سے ہماری اس نہج کو متاثر کرنے کی ناکام کوشش میں مصروف ہے۔

بھارت نہتے اور بے گناہ کشمیریوں پر ظلم و ستم ڈھا رہا ہے اور اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کیلئے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کا پروپیگنڈا کر کے دنیا کی توجہ مسئلہ کشمیر سے ہٹانا چاہتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے دفاعی اخراجات میں بے تحاشہ اضافہ کر رہا ہے جس سے بھارتی عزائم کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے وہ مسئلہ کشمیر کے پر امن حل میں سنجیدہ نہیں ۔

وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے واضح اور دو ٹوک اور غیر مبہم انداز میں جموں و کشمیر کا بھارت کے ساتھ ہر قسم اور نوعیت کے مذاکرات میں سب سے پہلے حل کرنے پر زور دیاہے ۔مسلم لیگ(ن) کی حکومت کی ترجیحات میں مسئلہ کشمیر سرفہرست ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے مسئلہ کشمیر پر واضح اور دوٹوک موقف سے کشمیری قوم کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔

وزیر اطلاعات مشتاق احمد منہا س نے کہا کہ اس وقت پاکستان داخلی اور خارجی سازشوں میں گہر ا ہوا ہے پوری کشمیری قوم پاکستان کی بقا اور سلامتی کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی ۔اس وقت ہم نے محب وطنی کا مظاہرہ کرنا ہے اور دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنانا ہے جس کیلئے مکمل اتحاد اور تفاق کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں اس موقع پر تحریک آزادی میں حصہ لینے والے جانثاروں کو مکمل حمایت کا یقین دلاتا ہوں کہ آپ اعتماد رکھیں کہ مسئلہ کشمیر تاریخ کے اس نازک موڑ پر مصائب و آلام کی اس نازک ترین گھڑی میں ہم سب آپ کے ساتھ ہیں مضبوط پاکستان ہی کشمیریوں کے مستقبل کی ضمانت ہے ۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے انہیں یقین دلاتی ہے کہ مسئلہ کشمیر کو ہر بین الاقوامی فورم پر بھرپور انداز میں اجاگر کیا جائیگا اور کشمیریوں کی اخلاقی ،سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھی جائیگی۔