سپیکر اور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کی 70ویںیوم آزادی کے موقع پر قوم کومبارکباد

قائداعظم نے ہم پر پاکستان کو پر امن ملک بنانے اور دوسر ی قوموں کے لیے ایک رول ماڈل بننے کی بھاری ذمہ داری عائد کی

اتوار 13 اگست 2017 13:10

اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2017ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نی70ویں یوم آزادی کے پروقار موقع پر قوم کو مبارک باددی ہے ۔انہوں نے اس موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ آج کا دن ہمیں اپنے آبائو اجداد کی ان قربانیوں اور جدوجہد کی یاد دلاتا ہے جو انہوں نے آنے والی نسلوں کی خاطردیں۔سپیکر نے پاکستان کو خوشحال اور تر قی کی راہ پر گامزن کرنے کا عہد کرنے کی ضرورت پر زوردیا ۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے ہم پر پاکستان کو پر امن ملک بنانے اور دوسر ی قوموں کے لیے ایک رول ماڈل بننے کی بھاری ذمہ داری عائد کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ 14اگست ان بے شمار قربانیوں جو پاکستان کو حاصل کرنے اور اس کا دفاع اور تحفظ کے لیے پیش کی گیں یاد دلاتا ہے ۔

(جاری ہے)

سپیکر نے ملک کی خاطر قربانیاں دینے والے ہیروز کو خراج تحسین پیش کیا ۔انہوں نے کہا کہ یہ دن پاکستانی قوم کے لیے باعث فخر ہے اسی لیے پوری قوم اس دن کو بھر پور جوش و خروش اور عقیدت و احترام سے مناتی ہے ۔

سر دار ایاز صادق نے کہا کہ آج کا دن ہمیں مادر وطن کی خوشحالی اور تر قی کے لیے بھر پور جذبے اور تندہی سے کام کرنے کا پیغام دیتاہے انہوں نے کہا کہ ملک کی تر قی اور اقوام عالم میں ایک باوقار مقام حاصل کرنے کے لیے عزم صمیم کے ساتھ جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے ۔ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی نے 70ویں یوم آزادی پر قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں قائدا عظم محمد علی جناح کے اتحاد،یقین اور تنظیم کے رہنما اصولوں پر سختی سے عمل پیرا ہونے کی ضرورت پر زوردیا ۔انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی اور درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد قائم کرنے اور انتھک محنت کی ضرورت ہے ۔