پاکستان کا 70 واں یوم آزادی (آج )قومی جذبے ، ملی جوش و خروش کے ساتھ منایا جائیگا
تازہ ترین : 1

پاکستان کا 70 واں یوم آزادی (آج )قومی جذبے ، ملی جوش و خروش کے ساتھ منایا جائیگا

دن کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک و قوم کی سلامتی ، خوشحالی اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے دعائوں سے ہوگا دارالحکومت میں 31اور صوبائی دارالحکومتوںمیں 21،21توپوں کی سلامی دی جائیگی ،ملک بھر میں پرچم کشائی کی تقریبات منعقدہونگی واہگہ ‘ گنڈا سنگھ باڈر زپر جشن آزادی کے سلسلہ میں خصوصی پریڈ ہو گی ، ملک بھر سے عوام شریک ہونگے ،سکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل

اسلام آباد/لاہور/کراچی/کوئٹہ/پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 اگست2017ء)پاکستان کا 70واں یوم آزادی آج (پیر) 14 اگست کو قومی جذبے اور ملی جوش و خروش کے ساتھ منایا جائے گا ۔دن کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک و قوم کی سلامتی ، خوشحالی اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے دعائوں سے ہوگا ،وفاقی دارالحکومت میں31 اور صوبائی دارالحکومتوںمیں 21،21 توپوں کی سلامی دی جائے گی ۔

ملک بھر میں مختلف مقامات پر پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کی جائیں گی جس میں اہم حکومتی اور سرکاری شخصیات شرکت کریں گی ۔ ملک بھر میں جشن آزادی کے سلسلہ میں سیمینارز اور دیگر تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جس میں مقررین جدوجہد آزادی کی تحریک میں دی جانے والی قربانیوں پر روشنی ڈالیں گے ۔حکومتی ، سرکاری شخصیات اورپاک افواج کے افسران ،بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ اور شاعر مشرق علامہ اقبال ؒ کے مزار مبارک پر حاضری دیں گے اور پھولوں کی چادریں چڑھانے کے بعد فاتحہ خوانی کریں گے ۔

ملک کے مختلف مقامات پر تحریک آزادی پاکستان کے شہداء کے لئے بھی قرآن خوانی کا اہتمام کیا جائے گا ۔ دوسری جانب گلی محلوں اوربازاروں کو خوبصورت جھنڈیوں اور پرچموں سے سجا دیا گیا ۔ اہم سرکاری و نجی عمارگوں پر قومی پرچم لہرانے کے ساتھ چراغاں بھی کیا گیا ہے ۔ملک بھر میں چھوٹے بڑے بازاروں میں ہر طرف قومی پرچموں کی بہار ہے اور بیجز ، جھنڈیوں اور قومی پرچم کی طرز پر لباس کے سٹالز پر خریداری عروج پر ہے ۔

تاجروں کی مختلف تنظیموں نے پاکستان کا یوم آزادی بھرپور طریقے سے منانے کے لئے تجارتی مراکز میں ملی نغموں اور قومی ترانے کی دھنیں پیش کرنے کے لئے سائونڈ سسٹم بھی لگا دئیے ہیں۔جشن آزادی کے موقع پرپاکستان ٹیلی وژن ،ریڈیو پاکستان سمیت نجی ٹی وی چینلز اور ریڈیو چینلز پر خصوصی پروگرام بھی پیش کئے جائیں گے ۔جبکہ جشن آزادی کے موقع پر دہشتگردی کے ممکنہ خدشات کے پیش نظر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں ۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ کے احکامات کے بعد تمام صوبوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان نے سکیورٹی کے حوالے سے خصوصی انتظامات کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔اہم شہروں کے داخلی اور خارجی راستوںںپرسکیورٹی کو ہائی الرٹ کر کے چیکنگ کا نظام مزید سخت کر دیاگیا ہے۔ جشن آزادی کی تقریبات کے مقامات پر بھی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے ۔علاوہ ازیں واہگہ اور گنڈا سنگھ باڈر زپر جشن آزادی کے سلسلہ میں خصوصی پریڈ ہو گی جس میں ملک بھر سے عوام شرکت کریں گے ۔ اس سلسلہ میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کر لئے گئے ۔

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

وقت اشاعت : 13/08/2017 - 13:10:08

متعلقہ عنوان :

اپنی رائے کا اظہار کریں