مکہ مکرمہ، مشاعر ٹرین کے ذریعے 5 لاکھ سے زیادہ حجاج سفر کریں گے

اتوار 13 اگست 2017 11:40

ریاض ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2017ء) رواں سال مناسک حج کی ادائیگی کے دوران 5لاکھ سے زیادہ حجاج کرام کو دوسرے مقامات سے مشاعر ٹرین کے ذریعے مکہ مکرمہ منتقل کیا جائے گا۔العربیہ ٹی وی کے مطابق توقع ہے کہ اس تعداد کے علاوہ ایام تشریق کے دوران میں 5 لاکھ حجاج کرام اس ٹرین کے ذریعے مکہ مکرمہ اور دوسرے مقامات کے درمیان سفر کریں گے۔

ایک رپورٹ کے مطابق حج سیزن کے دوران 17 ٹرینیں چلائی جائیں گی۔ ان کی دو سے زیادہ بوگیاں ہوں گی اور وہ مسافروں کو لانے اور لے جانے کے لیے ایک ہزار سے زیادہ پھیرے لگائیں گی۔ان ٹرینوں کو چلانے کے لیے سعودی عرب کے مختلف مختلف محکموں کے 20 ہزار سے زیادہ اہلکار 9 اسٹیشنوں پر تعینات کیے گئے ہیں۔ان میں سے 3 اسٹیشن عرفات ، مزدلفہ اور منیٰ میں واقع ہیں۔

(جاری ہے)

ٹرین چلانے کی ذمے دار ٹیمیں اسٹیشنوں پر حجاج کی نقل وحرکت کو مربوط ومنظم بنائیں گی، انھیں ان کی متعیّنہ ٹرین پر سوار کرنے کے لیے الگ الگ کریں گی۔اس کے علاوہ وہ ان کے ٹرین کے دروازوں اور پلیٹ فارمز تک پہنچنے میں بھی سہولت مہیا کریں گے۔سعودی ریلوے تنظیم ( ایس آر او) نے اس سال حرمین تیز رفتار ٹرین سروس کی سہولت بھی مہیا کی ہے۔ یہ ٹرین جدہ اور مدینہ منورہ کے درمیان سفر کو صرف 90 منٹ میں طے کرے گی۔حال ہی میں اس ٹرین نے آزمائشی سفر کیے ہیں اور اس کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :