چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی کوئٹہ بم دھماکے کی شدید مذمت

اتوار 13 اگست 2017 00:30

کوئٹہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2017ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوئٹہ بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ دہشتگرد حملے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے، دہشتگرد حملہ آزادی کے جشن کو متاثر کرنے کی کوشش ہے، اس طرح کے کسی بھی چیلنج سے ہمارا عزم کمزور نہیں ہوگا۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوئٹہ میں ہونے والے دہشتگرد حملے میں سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں سمیت شہریوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے شہداء کے لواحقین سے اظہار تعزیت اور زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دھماکے میں آرمی کے ٹرک کو نشانہ بنایا گیا جس میں 8 سیکورٹی اہلکاروں سمیت 15 افراد شہید اور 25 زخمی ہوئے، جن میں 10 سیکورٹی اہلکار شامل ہیں۔ دھماکے میں آتش گیر مواد استعمال کیا گیا جس کے نتیجے میں قریبی گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی۔دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو سی ایم ایچ منتقل کر دیا گیا ہے۔ آرمی کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔