جھوٹ بولنے اور یوٹرن کا عالمی ریکارڈ بنانیوالے نیازی صاحب !آپکو نوجوان نسل نے مسترد کردیاہے‘ شہباز شریف

ملک کو لوٹ کر لندن اور کینیڈا جانے والوں کو کسی نے نہیں پوچھا،4سال میں ہم پر ایک دھیلے کی کرپشن کا الزام نہیں ہے‘وزیراعلی پنجاب کا داتا دربار کے باہر تاریخ ساز ریلی سے خطاب

اتوار 13 اگست 2017 00:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ نوجوانوں کے سمندر نے نیازی صاحب کو جھوٹا ثابت کردیا ہے ،اس ریلی میں سب سے زیادہ متحرک نوجوان نظر آئے ہیں ،ملک کو لوٹ کر لندن اور کینیڈا جانے والوں کو کسی نے نہیں پوچھا،4سال میں ہم پر ایک دھیلے کی کرپشن کا الزام نہیں ہے، محمد نوازشریف کو پانامہ کی بجائے اقامہ پر سزا دی گئی ہے۔

وہ ہفتہ کی رات سابق وزیراعظم محمدنوازشریف کے استقبال کے حوالے سے داتادربارکے باہر بہت بڑی ریلی سے خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلی محمد شہبازشریف نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اربوں روپے لوٹنے والو ں کو تو کسی نے نہیں پوچھا- محمد نوازشریف کی قیادت میں کئے جانے والے اقدامات کے باعث لوڈ شیڈنگ میں نمایاں کمی ہوئی ہے اور اب گرمیوں میں بھی بجلی آرہی ہی-4برس کے دوران ہم پر ایک دھیلے کی کرپشن کا الزام ثابت نہیں ہو ا-آج لاہور ،راولپنڈی - اسلام آباد اور ملتان میں میٹرو بسیں کامیابی سے چل رہی ہیں جبکہ لاہو رمیں اورنج لائن میٹروٹرین پر کام جاری ہے -عوام کی ترقی کے مخالفین عمران نیازی ،پیپلز پارٹی اور (ق) لیگ نے اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کی کھل کر مخالفت کی-انہوںنے کہاکہ ٹی وی پر بھاشن دینے والو ں نے اربو ں روپے کے ڈاکے ڈالے ہیں جبکہ قوم کے اربوں روپے لوٹ کر سوئس بینکوں میں جمع کرائے گئی- انہوںنے کہاکہ نوازشریف کی مخالفت دراصل پاکستان کی ترقی کی مخالفت ہے اور یہ وقت امتحان کا ہی-عوام کو یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ پاکستان تعمیر کرنے وا لوں کے ساتھ ہیں یا پاکستان کی ترقی کی مخالفت کرنے والوں کے ساتھ ہیں-انہوںنے کہاکہ جھوٹ بولنے اور یوٹرن کا عالمی ریکارڈ بنانے والے نیازی صاحب! آپ کو نوجوان نسل نے جھوٹا ثابت کردیاہے کیونکہ آج کی ریلی میں سب سے زیادہ متحرک نوجوان ہیں-انہوںنے کہاکہ پاکستان کو اس وقت اتحاد کی ضرورت ہے اور ہم سب کو محنت کے ساتھ پاکستان کو عظیم تر بنانا ہے -آئو !محمد نوازشریف کی قیادت میں مل کر پاکستان کو عظیم ملک بنائیں - انہوںنے کہاکہ ترقی کا سفر جاری رہے گا اورعوامی منصوبے بناتے رہیںگے۔