کوئٹہ پشین اسٹاپ کے قریب بم دھماکہ‘ سیکورٹی اہلکاروں سمیت 10 افراد جاں بحق ، 25 سے زائد زخمی ،وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کوئٹہ بم دھماکے کی رپورٹ طلب کرلی

ہفتہ 12 اگست 2017 23:25

کوئٹہ پشین اسٹاپ کے قریب بم دھماکہ‘ سیکورٹی اہلکاروں سمیت 10 افراد ..
کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2017ء) کوئٹہ پشین اسٹاپ کے قریب بم دھماکہ میں سیکورٹی اہلکاروں سمیت 10 افراد جاں بحق جبکہ 25 سے زائد زخمی ہوگئے ۔پولیس کے مطابق ہفتہ کی شب پشین اسٹاپ پر بارود سے بھری گاڑی سیکورٹی فورسز گاڑی سے ٹکراگئی جس سے زوداردھماکہ ہوا‘ دھماکے کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی جس میں دورکشوں سمیت چارگاڑیوں اوردوموٹرسائیکلوں میں آگ بھڑ ک اٹھی ۔

صوبائی وزیرداخلہ میرسرفرازبگٹی نے بم دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ حملہ آ وروں کانشانہ سیکورٹی فورسز کی گاڑی تھی‘ دھماکہ اتنا زودارتھاکہ قریب گاڑیوں کوآگ لگی‘ اطلاع ملتے ہی سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کردی۔سول ہسپتال کے ترجمان ڈاکٹروسیم کے مطابق ابتک سول ہسپتال میں 10 افراد کی لاشیں پہنچا دی گئی ہے اور25 سے زائد افرادزخمی ہیں جن کو طبی امدادفراہمی کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کوئٹہ بم دھماکے کی رپورٹ طلب کرلی ۔بم دھماکے میں جاں بحق اورزخمی ہونے والوں سے ہمدردی کااظہارکرتے ہوئے واقع کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے یقین دلایاکہ بم دھماکے میں ملوث ملزمان کوگرفتارکرکے انکے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔انہوںنے کوئٹہ سمیت صوبے بھرمیں سیکورٹی کی انتظامات کو مزید سخت کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ملک دشمن عناصر یوم آزادی کے موقع پر بد امنی پھیلانا چاہتے ہیں ‘دشمن کے عزم عوام کے تعاون سے ناکام بنائینگے۔دریں اثناء صوبائی وزیرصحت نے سول ہسپتال میں ایمرجنسی نافذکرتے ہوئے تمام ڈاکٹروں اورعملے کو حاضرہونے اورزخمیوں کو فوری طورپر طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایات کی ہے۔