دہشت گردی کا مقصد یوم آزادی کی تقریبات میں خلل ڈالنا تھا، کسی بھی چیلنج کی وجہ سے ہمارا عزم متزلزل نہیں ہوگا:جنرل قمرجاویدباجوہ

ہفتہ 12 اگست 2017 23:00

دہشت گردی کا مقصد یوم آزادی کی تقریبات میں خلل ڈالنا تھا، کسی بھی چیلنج ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2017ء) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکے میں سات سویلینزسمیت15افرادشہید جبکہ 25 زخمی ہوگئے جن میں پندرہ سویلین شامل ہیں، دھماکے سے قریب موجود گاڑیوں،موٹرسائیکلوں اوررکشائوںمیں میں آگ بھڑک اٹھی۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کی رات کوئٹہ کے علاقے پرانے پشین اسٹاپ کے قریب نامعلوم افراد نے سیکورٹی فورسز کی گاڑی کو دھماکے کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 15افراد شہید جبکہ 25 زخمی ہوگئے دھماکے کے بعد فورسز کی گاڑی سمیت دیگر قریب سے گزرنے والی گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی فائر بریگیڈ کے عملے نے موقع پرپہنچ کر آگ پر قابو پالیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے ڈیوٹی پرموجود سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کونشانہ بنایا جس کیلئے آتش گیرمواداستعمال کیاگیا جس کی وجہ قریب موجود گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی۔

(جاری ہے)

دھماکے میںشہیدہونیوالی15افرادمیں سات سویلینزجبکہ زخمی ہونے والے 25افرادمیں 15سویلینزشامل تھے۔سیکیورٹی فورسز نے موقع پرپہنچ کرعلاقے کوگھیرے میں لے لیا اورزخمیوںکوسی ایم ایچ منتقل کردیاگیا۔

عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے فوری بعد فرنٹیر کور بلوچستان اور پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لیکرنعشوںاورزخمیوں کو سول ہسپتال کوئٹہ پہنچادیا گیا جہاں 8سے 9افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔دھماکے سے 2گاڑیاں،4رکشے اور 2موٹرسائیکلیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں جبکہ قریبی عمارتوں اور دفاتر کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئی دھماکہ اتنا شدید تھا کہ پورا شہر لرز اٹھا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ خود کش بمبار نے سیکورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔

وزیرداخلہ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ نامعلوم دہشت گردوں نے سیکورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا ہے فی الحال یہ کہنا قبل ازوقت ہوگا کہ دھماکہ خود کش تھا یا نہیں۔انہوں نے کہا کہ دھماکے کے بعد بم ڈسپوزل کے عملے ا ور پولیس نے ابتدائی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ دھماکے کے بعدصوبائی وزیر صحت میر رحمت صالح بلوچ کی ہدایت پر سول ہسپتال کوئٹہ اور بولان میڈیکل ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو ڈیوٹیوں پر طلب کرلیا گیا جنہوں نے ڈیوٹی پر آکر زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی۔

دھماکے کے بعدشہربھرمیںسیکیورٹی سخت کردی گئی مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کردیاگیا۔چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمرجاویدباجوہ نے فوج کی گاڑی پر دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ دہشت گردی کامقصدیوم آزادی کی تقریبات میں خلل ڈالناتھاکسی بھی چیلنج کی وجہ سے ہماراعزم متزلزل نہیںہوگا۔

متعلقہ عنوان :