کوئٹہ میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکہ، 15افراد شہید، 30کے قریب زخمی ہوگئے

دھماکے سے گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی ، 2گاڑیاں،4رکشے اور 2موٹرسائیکل مکمل طور پر تباہ نامعلوم دہشت گردوں نے سیکورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا ،بم ڈسپوزل کے عملے ا ور پولیس نے ابتدائی تحقیقات شروع کردی ہیں،سرفرازبگٹی سول ہسپتال کوئٹہ اور بولان میڈیکل ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ ، ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو ڈیوٹیوں پر طلب کرلیا گیا شہربھرمیںسیکیورٹی سخت،مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن شروع

ہفتہ 12 اگست 2017 23:22

کوئٹہ میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکہ، 15افراد شہید، 30کے قریب ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2017ء) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکے میں 15افرادشہید جبکہ 30کے قریب زخمی ہوگئے دھماکے سے قریب موجود گاڑیوں،موٹرسائیکلوں اوررکشائوںمیں میں آگ بھڑک اٹھی۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کی رات کوئٹہ کے علاقے پرانے پشین اسٹاپ کے قریب نامعلوم افراد نے سیکورٹی فورسز کی گاڑی کو دھماکے کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 15افراد شہید جبکہ 30کے قریب زخمی ہوگئے دھماکے کے بعد فورسز کی گاڑی سمیت دیگر قریب سے گزرنے والی گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی فائر بریگیڈ کے عملے نے موقع پرپہنچ کر آگ پر قابو پالیا گیا۔

دھماکے کے فوری بعد فرنٹیر کور بلوچستان اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لیکرنعشوںاورزخمیوں کو سول ہسپتال کوئٹہ پہنچادیا گیا جہاں 8سے 9افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

دھماکے سے 2گاڑیاں،4رکشے اور 2موٹرسائیکلیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں جبکہ قریبی عمارتوں اور دفاتر کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئی دھماکہ اتنا شدید تھا کہ پورا شہر لرز اٹھا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ خود کش بمبار نے سیکورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔

وزیرداخلہ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ نامعلوم دہشت گردوں نے سیکورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا ہے فی الحال یہ کہنا قبل ازوقت ہوگا کہ دھماکہ خود کش تھا یا نہیں۔انہوں نے کہا کہ دھماکے کے بعد بم ڈسپوزل کے عملے ا ور پولیس نے ابتدائی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ دھماکے کے بعدصوبائی وزیر صحت میر رحمت صالح بلوچ کی ہدایت پر سول ہسپتال کوئٹہ اور بولان میڈیکل ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو ڈیوٹیوں پر طلب کرلیا گیا جنہوں نے ڈیوٹی پر آکر زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی۔دھماکے کے بعدشہربھرمیںسیکیورٹی سخت کردی گئی مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کردیاگیا۔