وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کراچی کے لئے 25ارب اور حیدر آباد کیلئے 5ارب روپے کے پیکج کا اعلان کردیا

پیکج میں پینے کا صاف پانی بھی شامل، کراچی یونیورسٹی میں میڈیکل کالج اور اسپتال بھی بنایا جائے گا، تمام کاموں کی نگرانی گورنر کرینگے ، شاہد خاقان عباسی نواز شریف آج بھی میرے قائد ہیں ، نواز شریف کی پالیسی جاری رہے گی ،مسلم لیگ ن کی حکومت کراچی میں امن قائم رکھنے کے لئے پر عزم ہے، وزیراعظم کی گورنر زیبر کے ہمراہ پریس کانفرنس

ہفتہ 12 اگست 2017 23:04

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے  کراچی کے لئے 25ارب اور حیدر آباد کیلئے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اگست2017ء) وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے کراچی کے لئے 25ارب اور حیدر آباد کیلئے 5ارب روپے کے پیکج کا اعلان کردیا ہے ،گورنرہاؤس کراچی میں گورنر سندھ محمد زبیر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ رواں سال کراچی کو 25ارب کا پیکج دیا جائے گا،پیکج میں پینے کا صافی پانی بھی شامل ہے ،اس کے علاوہ کراچی یونیورسٹی میں میڈیکل کالج اور اسپتال بھی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ تمام ترقیاتی کام گورنر کی نگرانی میں کرائے جائیں گے ،کراچی کے حوالے سے گورنر سندھ سے تفصیلی بات ہوئی ہے ،ہم ٹریفک کے نظام کو بھی بہتر بنائیں گے،وزیر اعظم نے کہا کہ نواز شریف آج بھی میرے قائد ہیں ، نواز شریف کی پالیسی جاری رہے گی ،مسلم لیگ ن کی حکومت کراچی میں امن قائم رکھنے کے لئے پر عزم ہے،انہوں نے کہا کہ نواز شریف پارٹی کے لیڈر ہیں اور رہیں گے، نواز شریف اپنے گھر جارہے ہیں،کسی ادارے کے خلاف نہیں گئے، ،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جب تک پارٹی چاہے گی میں وزیر اعظم رہوں گا ۔

(جاری ہے)

غوث علی شاہ سے ملاقات کے حوالے سے سوال پر شاہد خاقان عباسی نے جواب دیتے ہوئے کہ غوث علی شاہ ان کے جیل کے ساتھی ہیں ان سے پرانی دوستی ہے اور یہ ملاقات سیاسی نہیں زاتی تھی،غوث علی شاہ کی نیک خواہشات ہمارے ساتھ ہیں ۔ایم کیو ایم کے حوالے سے سوال پر وزیر اعظم نے جواب دیا کہ ایم کیو ایم نے ہماری غیر مشروط حمایت کی تھی ،انہوں نے کسی قسم کا مطالبہ نہیں کیاتھا،ہم ایک سیاسی جماعت ہیں اور ایم کیو ایم بھی ایک سیاسی جماعت ہے،قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ایم کیوایم کی مشکلات کو حل کیاجائیگا،وزیر اعظم نے کہا کہ تاجروں کی مشکلات ترجیحی بنیادوں پر حل کی جائیں گی ،کراچی میں رینجرز کام جاری رکھے گی ،کراچی میں امن کی صورتحال مزید بہترکی جائے گی ،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی سے پاس احتساب بل کا جائزہ لینا پڑے گا،وزیر اعظم نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد فنڈز صوبائی حکومت کو دے دیے جاتے ہیں، لوکل گورنمنٹ کی ذمے داری بنتی ہے کہ علاقے میں ترقیاتی کام کرے، وفاق نے فراہمی آب منصوبے کے فور کی رقم ادا کردی ہے، ضرورت پڑی تو مزید بھی دینگے،ایک سوال پر انہوں نے جواب دیا کہ میاں نوازشریف کی ریلی کے دوران بچے کا انتقال ہونا افسوس ناک ہے اور نواز شریف نے بھی بچے کے انتقال پرافسوس کا اظہارکیا ہے۔

#