وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کراچی کیلئے 25 ارب روپے ترقیاتی پیکیج کا اعلان
تازہ ترین : 1

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کراچی کیلئے 25 ارب روپے ترقیاتی پیکیج کا اعلان

مسلم لیگ (ن) کی حکومت کراچی میںقیام امن کیلئے پرعزم ہے، جمہوری نظام کے تسلسل کے حق میں عوامی ردعمل سب کے سامنے ہے مسلم لیگ (ن) سیاسی جماعت ہے، سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرنا اس کا جمہوری حق ہے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی اسلام آباد روانگی سے قبل ٰائیرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کراچی کیلئے 25 ارب روپے ترقیاتی پیکیج کا ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 اگست2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کراچی کیلئے 25 ارب روپے اور حیدرآباد کے لئے 5 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج کااعلان کردیا ہے، ترقیاتی پیکیج پرگورنرسندھ کی زیر نگرانی جلد کام شروع ہوگا۔ کراچی کے ایک روزہ دورے کے بعد اسلام آباد روانگی سے قبل ہفتہ کو ایئرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سندھ کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق مختلف اسٹیک ہولڈرز سے بات چیت ہوئی ہے۔

کراچی کے لئے 25 ارب کے ترقیاتی پیکیج پرگورنرسندھ کی زیر نگرانی جلد کام شروع کیا جائیگا، شہر میں ٹریفک نظام کوبہترکرنے کیلئے بات چیت ہوئی ہے۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کراچی میںقیام امن کیلئے پرعزم ہے، کراچی میں امن وامان کو مزید مستحکم کرنے کے لئے سکیورٹی حکام سے مشاورت کی گئی ہے جبکہ تاجربرادری سے کراچی کے مسائل پر بھی بات چیت ہوئی، تاجربرادری نے امن وامان کے قیام پراطمینان کااظہارکیا ہے، وزیراعظم نے کہا کہ جمہوری نظام کے تسلسل کے حق میں عوامی ردعمل سب کے سامنے ہے۔

انہوںنے یہ بھی کہاکہ ایم کیوایم نے بغیرکسی شرط ہماری حمایت کی ہے، ایم کیوایم پاکستان کے مسائل حل کیے جائیںگے۔ انہوںنے کہا کہ غوث علی شاہ کے ساتھ صرف سیاسی تعلق نہیں ہے بلکہ وہ میرے دوست اورجیل کے ساتھی ہیں، ان سے ذاتی حیثیت میں ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہاکہ نوازشریف اپنے گھرجارہے ہیں،کسی ادارے کوٹارگٹ نہیں کیا، مسلم لیگ (ن) سیاسی جماعت ہے، سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرنا اس کا جمہوری حق ہے، نوازشریف میری پارٹی کے لیڈر ہیں اور ہمیشہ رہیںگے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعلی سندھ کی شکایت کو قانون کے مطابق حل کریںگے، امن و امان کے حوالے سے رینجرزکراچی میں اپنا کردار اداکرتی رہے گی۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کو پانی کی فراہمی کے میگا پروجیکٹ ’’ کے فور‘‘ کے لئے مزید فنڈز کی ضرورت ہوئی تو وہ ہم ضرور دیںگے۔

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

وقت اشاعت : 12/08/2017 - 21:41:06

اپنی رائے کا اظہار کریں