پیپلزپارٹی نوجوانوں کے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے والی سیاسی قوت ہے ، بلاول بھٹو زرداری

شہید ذوالفقار علی بھٹو ملک کے پہلے قومی رہنما تھے جنہوں نے ملک کی طول و عرض میں نوجوانوں کو متحرک کیا، چیئرمین پیپلزپارٹی

ہفتہ 12 اگست 2017 22:59

پیپلزپارٹی نوجوانوں کے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے والی سیاسی قوت ہے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی کی منصوبہ بندی میں ملک میں ایسی نوجوان دوست پالیسیز متعارف کرانا شامل ہیں، جو نوجوانوں کو ان کے خوابوں اور امنگوں کو پورا کرنے کی خاطر اس ضمن میں حائل تمام رکاوٹیں دور کریں گی اور ان کو آگے بڑھنے اور ان کی صلاحیتوں کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لانے میں مددگار ثابت ہوںگی۔

نوجوانوں کے عالمی دن کی مناسبت سے جاری کردہ اپنے پیغام میں انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان وہ واحد قوت ہیں، جو عالمی نقشہ پر پاکستان کو ایک روشن مقام کا درجہ دلاتی ہے۔ ترقی یافتہ ممالک اپنی عمر رسیدہ آبادی کے تناسب کو متوازن رکھنے کے لیے نوجوان آبادی کے لیے ترس رہی ہیں، جبکہ ہم وہ قوم ہیں، جس کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی وہ سیاسی قوت ہے، جو نوجوانوں کے خوابوں کو حقیقت میں بدل دے۔

گو کہ چند عناصر نوجوانوں کو گمراہ کر رہے ہیں تاکہ یہ قوم اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار نہ لاسکے اور ملک کو ایک ترقی پسند، خوشحال، پرامن اور ناقابل تسخیر بنانے سے دور رہے۔ پیپلزپارٹی چیئرمین نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو ملک کے پہلے قومی رہنما تھے، جنہوں نے ملک کی عرض و طول میں نوجوانوں کو متحرک کیا۔ انہوں نے ملک کی مضبوط معیشت، ناقابل تسخیر دفاع اور بڑی صنعتوں کی داغ بیل ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ آج کے نوجونوں کو شہید ذوالفقار علی بھٹو کی کتابیں، مضامین اور سوانحہ عمری کا مطالعہ کرنا چاہیئے، تا کہ انہیں ایک بے مثال مدبر رہنما کے متعلق علم ہو، جس نے دنیا میں مسلمانوں کو ایک رول ماڈل قوم بنانے کا خواب دیکھا تھا لیکن انہیں اندھیرے کی قوتوں نے شہید کردیا، جبکہ وہ قوتیں مختلف بہروپوں میں ہماری ترقی کو روکنے کے لیئے آج بھی سرگرم ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو نے قوم اور خصوصا نوجوانوں کو متاثر کرنے کے لیئے جام شہادت نوش کیا کہ طبعی زندگی تو زمین پر مختصر ترین لمحہ ہے، جبکہ حقیقی زندگی تو بنیادی حقوق کی خاطر نبرد آزما اپنے ہم وطنوں کے لیئے جینے اور مرنے میں پوشیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ فقط بھٹو شہیدوں کا فلسفہ ہی ہمارے ملک کے بانی آبا و اجداد کے خوابوں کو پورا کرسکتا ہے اور اس ضمن میں نوجوانوں کا کردار کلیدی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک کے نوجوان پیپلزپارٹی کی چھتری تلے جمع ہوں اور پاکستان کو ایک ایسا ملک بنانے کے لیئے آخری و فیصلہ کن لڑائی کا آغاز کریں کہ دنیا کا ہر نوجوان اس ملک کا شہری بننے کی آرزو کرے۔ پیپلزپارٹی چیئرمین نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا منشور نوجوانوں کی تعلیم اور روزگار کی ضمن میں انقلابی اقدامات پر مبنی ہوگا اور یہ یقین دلایا کہ ہر نوجوان یا تو زیرِ تعلیم ہوگا یا بصورتِ دیگر برسرِ روزگار یا صاحبِ کاروبار۔