نجی شعبہ بے روزگاری کے خاتمے کے لئے حکومت کا ساتھ دے، مسلم لیگ (ن)کی وفاقی حکومت ..
تازہ ترین : 1
نجی شعبہ بے روزگاری کے خاتمے کے لئے حکومت کا ساتھ دے، مسلم لیگ (ن)کی ..

نجی شعبہ بے روزگاری کے خاتمے کے لئے حکومت کا ساتھ دے، مسلم لیگ (ن)کی وفاقی حکومت محمد نواز شریف کی قیادت میں پالیسیوں کو آگے بڑھائے گی،

سیکورٹی اداروں کی بے مثال قربانیوں کی وجہ سے ملک کے معاشی حب کا امن بحال ہوا ہے، اقتصادی ترقی کے لئے بزنس کمیونٹی کی تجاویز پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا، مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے مل کر کام کیا جائے گا وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی بزنس کمیونٹی کے نمائندہ وفد سے بات چیت

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 اگست2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نجی شعبہ سے کہا ہے کہ ملک سے بے روزگاری کے خاتمے کیلئے حکومت کا ساتھ دے، مسلم لیگ (ن)کی وفاقی حکومت محمد نواز شریف کی قیادت میں پالیسیوں کو آگے بڑھائے گی، سیکورٹی اداروں کی بے مثال قربانیوں کی وجہ سے ملک کے معاشی حب کا امن بحال ہوا ہے، اقتصادی ترقی کے لئے بزنس کمیونٹی کی تجاویز پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا، مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے مل کر کام کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے ہفتہ کو گورنر ہاؤس میں بزنس کمیونٹی کے نمائندہ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت (ایف پی سی سی آئی)کے صدر زبیرطفیل، کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں بزنس مین گروپ کے چیئرمین سراج قاسم تیلی،صدر شمیم فرپو،پاکستان بزنس کونسل کے سربراہ احسان ملک،اوورسیز انویسٹر چیمبر آف کامرس کے صدر خالدمنصور،ممتاز سرمایہ کار حسین دائود،عارف حبیب،عقیل کریم ڈھیڈھی،بشیرعلی محمد،اختیار بیگ،بشیرجان محمد،عبدالسمیع خان شامل تھے ۔

ملاقات کے موقع پر گورنر سندھ محمد زبیر ،وفاقی وزیر داخلہ چوہدری احسن اقبال ،گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ اور چیئرمین ایف بی آر طارق پاشا بھی موجود تھے ۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ان کے پہلے دورہ کراچی کے موقع پر کاروباری برادری کے افراد سے ملاقات نہایت خوشگوار رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پرامن انداز میں انتقال اقتدار ہوا اور حکومت نے فوری طور پر کام شروع کردیا جو کہ جمہوریت کے لئے نیک شگون ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے،مسلم لیگ (ن)کی وفاقی حکومت نے صوبائی حکومت کی مشاورت اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر کراچی میں قیام امن کے لئے اقدامات کئے ۔قانو ن نافذ کرنے والے اداروں اور سکیورٹی ایجنسیوں کی بے مثال قربانیوں کی وجہ سے کراچی کے امن اور اس کی روشنیوں کو بحال کردیا ہے،ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ کراچی آپریشن کے نتیجے میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو مستحکم بنائیں تاکہ شہر میں معاشی اور تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوسکے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اقتصادی ترقی ،نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی اور ٹیکس نیٹ میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ،اس کے لیے کاروباری برادری کو حکومت کا بھرپور ساتھ دینا ہوگا، اگرہمیں اس سلسلے میں بزنس کمیونٹی کا ساتھ حاصل نہیں ہوگا تو حکومت یہ مقاصد حاصل نہیں کرسکے گی ۔ایف پی سی سی آئی کے صدر زبیرطفیل کے مطالبے پر کہ بجلی کے ریٹ 3 روپے فی یونٹ کم کئے جائیں،مالیاتی خسارہ کم کرنے کیلئے پرتعیش درآمدی مصنوعات پر پابندی لگائی جائے اور کراچی کیلئے اسپیشل 100ارب روپے کا پیکج دیا جائے،کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے بزنس کمیونٹی کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا،ایف پی سی سی آئی کا وفد اسلام آباد آئے ان سے تفصیلی ملاقات میں تجاویز حاصل کی جائیں گی اور ان کے مطالبوں پر بہتر فیصلے کئے جائیں گے ۔

وزیراعظم نے بزنس کمیونٹی کو یقین دہانی کرائی کہ اقتصادی ترقی کے لیے ان کی جانب دی گئی تجاویز کو انتہائی سنجیدگی سے لیاجائے گا تاکہ سرمایہ کاری میں اضافہ کیا جاسکے،حکومت بزنس کمیونٹی کو مزید سہولتیں فراہم کرنا چاہتی ہے ،اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے نوکری کے مواقع پیدا کرنے کے لیے وفاق نے ریکارڈ رقم ادا کی ہے،اگلے مرحلے میں سی پیک اور اور دیگر منصوبوں سے ملک میں معاشی انقلاب آئے گا ۔

انہوں کہا کہ مستقبل میں کاروباری برادری سے ملاقات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی سیکورٹی پالیسیوں کے تسلسل کو آگے بڑھایا جائے گا ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ کراچی میں پائیدار امن کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں مزید اقدامات کیے جائیں گے ۔بزنس کمیونٹی نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور اپنے مسائل سے آگاہ کیا ۔بزنس کمیونٹی نے سابق وزیراعظم کی اقتصادی اصلاحات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان پالیسیوں نے ملک کو امن اور ترقی کی راہ پر گامزن کردیا ہے اور ہم توقع کرتے ہیں وفاقی حکومت ملک کی ترقی کے لیے مزید اقدامات کرے گی ۔

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

وقت اشاعت : 12/08/2017 - 22:59:20

اپنی رائے کا اظہار کریں