وزیراعظم سے مسلم لیگ (ن) سندھ کے وفد کی ملاقات،صوبے کی سیاسی صورتحال ،تنظیمی امور پر تبادلہ خیال

بابوسرفراز خان جتوئی نے سندھ میں پیپلزپارٹی حکومت کی جانب سے انتقامی کارروائی ،ترقیاتی منصوبوں میں نظرانداز کرنے پر وزیراعظم کو آگاہ کیا معاملے پر وزیراعلیٰ سندھ سے بات کرونگا، وفاقی حکومت سیاسی جماعتوں کیساتھ مل کر سندھ کی ترقی کیلئے بھرپور انداز میں کام کریگی، شاہدخاقان عباسی

ہفتہ 12 اگست 2017 22:35

وزیراعظم سے مسلم لیگ (ن) سندھ کے وفد کی ملاقات،صوبے کی سیاسی صورتحال ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ہفتہ کو گورنر ہاؤس میں مسلم لیگ ن سندھ کے وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر گورنر سندھ محمد زبیر بھی موجود تھے۔ وفد کی قیادت بابوسرفراز جتوئی نے کی۔ ملاقات میں صوبے کی سیاسی صورت حال اور تنظیمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ بابوسرفراز خان جتوئی نے سندھ میں پیپلزپارٹی کی حکومت کی جانب سے انتقامی کارروائی اور ترقیاتی منصوبوں میں نظرانداز کرنے پر اپنی شکایات سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نے کہا کہ وہ اس معاملے پر وزیراعلیٰ سندھ سے بات کریںگے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مسلم لیگ کی وفاقی حکومت سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر سندھ کی ترقی کے لیے بھرپور انداز میں کام کرے گی۔ سندھ کے عوام کے مسائل حل کیے جائیںگے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ سندھ کے دیگر اضلاع کے لیے جلد پیکیج کا اعلان کریںگے۔ اس موقع پر بابوسرفراز جتوئی نے کہا کہ جب نوازشریف سندھ آئیںگے تو ان کا بھرپور استقبال کیا جائے گا۔