نواز شریف کی ٹکرائو اور تصادم کی پالیسی سے ملک اور جمہوریت کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے، چوہدری محمدسرور

نوازشریف اپنے بیانات ،خطابات میں مستقل فوج اور عدلیہ کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں،سابق گورنر پنجاب کی پریس کانفرنس

ہفتہ 12 اگست 2017 22:16

نواز شریف کی ٹکرائو اور تصادم کی پالیسی سے ملک اور جمہوریت کو نقصان ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2017ء) سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ نواز شریف کی ٹکرائو اور تصادم کی پالیسی سے ملک کو اور جمہوریت کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے وہ اپنے بیانات اور خطابات میں مستقل فوج اور عدلیہ کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں، تحریک انصاف ایسی صورتحال میں فوج اور عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہے،جن لوگوں نے الزامات لگوائے وہ ہی پالیمنٹ کی کمیٹی بنا رہے وہ ہی فیصلے کریں گے ہم ایسی کسی کمیٹی کو نہیں مانتے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے انصاف ہائوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ان کے ہمراہ الیاس شیخ، نیلم شیخ، صائمہ ندیم، اورتحریک انصاف کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ مسلم لیگ ن جس کی مرکز ، پنجاب ، بلوچستان، آزاد کشمیر، اور گلگت بلتستان میں حکومتیں ہیںوہ کس کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ نواز شریف ریلی کے دوران مستقل اپنے خطابات میں توہین عدالت کے مرتکب ہو رہے ہیں اور واضح طور پر فوج اور عدلیہ کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں اب عدلیہ کا کام ہے وہ ان کے خلاف اس حوالے سے کب کارروائی کرتی ہے۔

نواز شریف نے ملک کے اداروں کو مذاق بنا دیا ہے۔ان کی ریلی میںپنجاب کے عوام گھروں سے باہر نہیں نکلے جس سے ثابت ہوا ہے کہ عوام عدلیہ اور فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔جبکہ ریلی میں مرکزی حکومت اور پنجاب حکومت کے وسائل کو بے دریغ استعمال کیا جارہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں چوہدری محمد سرور نے کہا کہ عمران خان پر میسجز کے حوالے سے جھوٹے الزامات لگوائے وہ ہی مسلم لیگ ن والے پارلیمنٹ کی کمیٹی بنا رہے ہیں اور وہ ہی فیصلے کریں گے ہم ایسی کسی کمیٹی کو تسلیم نہیں کرتے۔