Live Updates

آزادی ٹرین کا افتتاح کرنا میرے لئے باعث اعزاز ہے، وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں،

انہوں نے جس طرح دن رات محنت کر کے پاکستان ریلوے کو مشکلات سے نکالا وہ قابل ستائش ہے، ہر شہری کو پاکستان کا آئین پڑھنا چاہئے، آئین ہی ان کے حقوق کی ترجمانی کرتا ہے، سابق وزیراعظم محمد نواز شریف سے لوگ جوش والہانہ جذبے اور محبت کے ساتھ اظہار یکجہتی کررہے ہیں ، ملک کو ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے پر لوگ سابق وزیراعظم کوخراج تحسین پیش کررہے ہیں، محمد نواز شریف نے ملکی خوشحالی کے لئے سی پیک منصوبہ شروع کیا، ان کے وژن کے تحت کی گئی کاوشوں سے دہشتگردی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی، توانائی بحران پر قابو پایا، ملک میں موٹر ویز اور شاہراہوں کا جال بچھایا، رات کو دھرنیاں اور جلسیاں کرنے والے کیا جانیں دن کو عوام کا سمندر کیا ہو تا ہے، نواز شریف کے شاندار استقبال پر عمران خان اور تحریک انصاف کے بیانات دیکھ کر ان کی ذہنی حالت پر ترس آتا ہے، آزادی ٹرین قومی ورثہ ، ثقافت ، ملکی تہذیب اور گزشتہ چار سال کی ترقی کی عکاسی کرتی ہے، حکومتی کوششوں سے ریلوے کی آمدن 18 ارب روپے سے بڑھ کر 40 ارب روپے ہو گئی ہے ، قائداعظم محمد علی جناح نے جس طرح کے پاکستان کا خواب دیکھا تھا وہ ایسا ہی ترقی یافتہ پاکستان تھا، قائداعظم کا خواب تھا کہ پاکستان مستحکم اور جمہوری ملک بنے گا ، دہشتگردی کے واقعات میں 90 فیصد کمی آئی ، جمہور کا تعلق عوام سے ہے عوام کی نمائندہ پارلیمان ہے، پارلیمنٹ کو جب تک تقویت نہیں ملے گی اس وقت تک پاکستان ترقی نہیں کرسکتا وزیر مملکت برائے اطلاعات ، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب کا مارگلہ سٹیشن اسلام آباد سے آزادی ٹرین کی روانگی کے موقع پر تقریب سے خطاب

ہفتہ 12 اگست 2017 22:03

آزادی ٹرین کا افتتاح کرنا میرے لئے باعث اعزاز ہے، وفاقی وزیر ریلوے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2017ء) وزیر مملکت برائے اطلاعات ، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آزادی ٹرین کا افتتاح کرنا میرے لئے باعث اعزاز ہے، وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں، انہوں نے جس طرح دن رات محنت کر کے پاکستان ریلوے کو مشکلات سے نکالا وہ قابل ستائش ہے، ہر شہری کو پاکستان کا آئین پڑھنا چاہئے، آئین ہی ان کے حقوق کی ترجمانی کرتا ہے، سابق وزیراعظم محمد نواز شریف اپنے گھر جا رہے ہیں تو لوگ والہانہ جذبہ اور محبت کے ساتھ ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کررہے ہیں ، رات کو دھرنیاں اور جلسیاں کرنے والے کیا جانیں دن کو عوام کا سمندر کیا ہو تا ہے، سابق وزیراعظم کے شاندار استقبال پر عمران خان اور تحریک انصاف کے بیانات دیکھ کر ان کی ذہنی حالت پر ترس آتا ہے، سابق وزیراعظم کو لوگ اس لئے خراج تحسین پیش کررہے ہیں کیونکہ انہوں نے ملک کو ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن کیا، سی پیک منصوبہ شروع کیا، ان کے وژن کے تحت کی گئی کاوشوں سے دہشتگردی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی، توانائی بحران پر قابو پایا، ملک میں موٹر ویز اور شاہراہوں کا جال بچھایا، آزادی ٹرین قومی ورثہ ، ثقافت ، ملکی تہذیب اور گزشتہ چار سال کی ترقی کی عکاسی کرتی ہے، 2013ء میں پاکستان ریلوے کی آمدن 18 ارب روپے تھی جو آج 40 ارب روپے کے لگ بھگ ہے، ٹرینوں کی بروقت آمدورفت اور باقاعدگی کی شرح 2013 ء میں 15 سے 20 فیصد تھی جو آج بڑھ کر 80 فیصد کے قریب ہے، دہشتگردی کے واقعات میں 90 فیصد کمی آئی ہے، قائداعظم نے جس پاکستان کا خواب دیکھا تھا وہ ایسا ہی پرامن اور ترقی یافتہ پاکستان تھا، جمہور کا تعلق عوام سے ہے اور عوام کی نمائندہ پارلیمان ہے جب تک پارلیمنٹ کوتقویت نہیں ملے گی پاکستان ترقی نہیں کرسکتا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو مارگلہ سٹیشن اسلام آباد سے آزادی ٹرین کی روانگی کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج آزادی ٹرین 2017ء کا آغاز ہوا ہے، میں وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔ انہوں نے جس طرح دن رات محنت کرکے پاکستان ریلوے کو مشکلات سے نکالا وہ محنت قابل ستائش ہے کیونکہ 2013ء میں پاکستان ریلوے شدید مشکلات کا شکار تھا۔

انہوں نے کہا کہ آزادی ٹرین کا افتتاح کرنا میرے لئے باعث فخر ہے۔ آج پاکستان اپنی آزادی کی 70 ویں سالگرہ منانے کی جانب گامزن ہے، ملک بھر میں 14 اگست کو سرکاری اور نجی شعبہ کے زیر اہتمام تقریبات منعقد کی جائیں گی جس میں پوری قوم حصہ لے گی ۔ انہوں نے کہا کہ 2014ء کو آزادی ٹرین کا آغاز ہوا۔ 2017ء کی آزادی ٹرین میں قومی ورثہ ، ثقافت، تہذیب اور گزشتہ چار سالہ ترقی کی عکاسی کی گئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار پاکستان ریلوے کو اپ گریڈ کرنے کیلئے 4 ہزار ہارس پاور کے انجن خریدے گئے ہیں جو فریٹ کی سہولت کیلئے استعمال ہوں گے ۔ وزیر مملکت نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے جس طرح کے پاکستان کا خواب دیکھا تھا وہ ایسا ہی ترقی یافتہ پاکستان تھا۔ انہوں نے کہا کہ آزادی ٹرین میں چین پاکستان اقتصادی راہداری کا فلوٹ بھی شامل ہے۔

یہ سابق وزیراعظم نواز شریف کا خطہ کے عوام کیلئے تحفہ ہے ، یہ آئندہ آنے والی نسلوں کا وہ خواب ہے جس پر آج عمل کیا جا رہا ہے۔ 2013 ء میں پاکستان اندھیروں میں ڈوبا ہوا تھا ، ہم نے بجلی کے منصوبے شروع کئے، آزادی ٹرین کے ایک فلوٹ میں اسی ویژن کی عکاسی کی گئی ہے اسی فلوٹ پر موٹر ویز ، سڑکوں کے جال، ریلوے کی اپ گریڈیشن اور میٹرو بس سروس کی بھی عکاسی کی گئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اگر سابق وزیراعظم محمد نواز شریف 1990ء میں موٹر ویز نہ بناتے اور سڑکوں کا جال نہ بچھاتے تو آج ملک میں سی پیک نہ آتا۔ انہوں نے کہاکہ آزادی ٹرین میں سب سے نمایاں گیلری وہ ہے جس میں شہریوں کے تحفظ کیلئے جان قربان کرنے والے افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے تعاون سے اس گیلری کو سجایا گیا ہے اسی طرح ایک اور گیلری میں کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی اور نہتے کشمیریوں ، بچوں اور بہنوں پر ظلم اور اس کی مذمت کی عکاسی کی گئی ہے۔

ایک گیلری میں قومی ورثہ ثقافت اور تہذیب کی نمائش کی گئی ہے جبکہ عبدالستار ایدھی کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔ اسی طرح خواتین بالخصوص قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مسلح افواج میں خدمات انجام دینے والی خواتین کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔ وزیر مملکت نے والدین سے کہا کہ وہ اپنے بچوں کو آزادی ٹرین کے مناظر دکھائیں تاکہ نوجوان نسل جدوجہد آزادی کی منزل کے حصول کو سمجھ سکے کہ کس طرح قائداعظم محمد علی جناح نے آزاد ملک کے حصول کیلئے جدوجہد کی ۔

قائداعظم کا خواب تھا کہ پاکستان مستحکم اور جمہوری ملک بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت جمہور سے ہے، پارلیمنٹ پاکستان کے کروڑوں عوام کی نمائندگی کرتی ہے جب تک پارلیمنٹ کو تقویت نہیں ملے گی ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بنانے کا مقصد یہ تھا کہ پاکستان میں پاکستانی عوام کی حکمرانی ہو۔ عوام کا منتخب وزیراعظم بلاخوف وخطر عوام کی خدمت کر سکے، ہر شہری کوتحفظ حاصل ہو۔

انہوں نے کہاکہ 2013ء میں ملک دہشتگردی کا شکار تھا۔ سابق وزیراعظم نواز شریف نے دہشتگردی سے پاک پاکستان کے عزم پر عمل شروع کیا، 2013 میں دہشتگردی کے واقعات 2600 کے لگ بھگ ہوتے تھے جو کہ اب 100 کے قریب ہیں ۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ دہشتگردی میں 90 فیصد کمی آئی ہے۔ پاک فوج نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قیام کا یہی مقصد تھا کہ شہری خود کو محفوظ اور آزاد سمجھیں ، ملک میں ترقی اور آزادی کا بول بالا ہو۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی 2013ء میں سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے کئے گئے وعدوں پر عملدرآمد کا تسلسل جاری رکھیں گے۔وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے سابق وزیراعظم نواز شریف سے ان کے گھر جاتے ہوئے ان سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ جب ہم نے حکومت سنبھالی تو ملک دیوالیہ ہو رہا تھا اب یہ اقتصادی قوت بن کر آگے بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم 70 ویں جشن آزادی کے موقع پر میڈیا کے کردار اور کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آزادی ٹرین کا شیڈول پاکستان ریلوے کی ویب سائٹ پر موجود ہے یہ ٹرین اس بات کی عکاسی کرے گی کہ میں ہوںپاکستان ، ہم زندہ قوم ہیں۔ بعد میں صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین ہر شہری کو پڑھنا چاہئے، آئین ہی ان کے حقوق کی ترجمانی کرتا ہے ۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر ریلوے ٹرینوں کے انجنوں کی مرمت پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور اس کیلئے پہلی بار بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کیلئے پیپلز پارٹی نے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ بے نظیر بھٹو کی خدمات ناقابل فراموش ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی جمہوریت کے خلاف نہیں جائے گی۔ جن جماعتوں نے جمہوریت کیلئے قربانیاں دی ہیں وہ جمہوریت کے استحکام سے پیچھے نہیں ہٹیں گی۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے چیئرپرسن پاکستان ریلوے پروین آغا نے کہا کہ 2014ء میں آزاد ی ٹرین کا آغاز ہوا ،2016ء میں آزادی ٹرین چلائی گئی اور اب 2017ء میں آزادی ٹرین روانہ ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد فضا میں سانس لینے کی قدروقیمت وہی لوگ جانتے ہیں جنہوں نے آزادی کیلئے قربانیاں دی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں وفاقی وزیر ریلوے کی سربراہی میں پاکستان ریلوے ترقی کی منازل طے کررہا ہے۔

پاکستان ریلوے کے آپریشن میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی ٹرین میں گیلریاں اور فلوٹس ہیں جن میں آزاد کشمیر سمیت چاروں صوبوں کی ثقافت کو اجاگر کیا گیا ہے۔ اس ٹرین کی تیاری میں آئی ایس پی آر، این ایل سی اور وزارت اطلاعات نشریات و قومی ورثہ نے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔قبل ازیں وزیر مملکت نے آزادی ٹرین کا فیتہ کاٹ کر افتتاح کیا اور آزادی ٹرین کی آراستہ گیلریوں اور فلوٹس کا مشاہدہ کیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات