نااہل وزیراعظم نوازشریف کی ریلی شاہدرہ میں داخل ہوگئی -لاہور سے گوجرانوالہ جانےوالی جی ٹی روڈ عام ٹریفک بند

عوام کے منتخب وزیر اعظم کو رسوا اور ذلیل کرکے نکال دیا گیا کیا عوام اس فیصلے کو منظور کرے گی۔نوازشریف شاہدرہ کے بعد نوازشریف داتا دربار پر اجتماع سے خطاب کریں گے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 12 اگست 2017 20:26

نااہل وزیراعظم نوازشریف کی ریلی شاہدرہ میں داخل ہوگئی -لاہور سے گوجرانوالہ ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔12 اگست۔2017ء) نااہل وزیراعظم نوازشریف کی ریلی شاہدرہ میں داخل ہوگئی ہے -نواز شریف کی ریلی لاہورمیں جی ٹی روڈ کے راستے داخل ہوئی،لاہور سے گوجرانوالہ جانےوالی جی ٹی روڈ عام ٹریفک بند ہے اور جی روڈ کے دونوں اطراف نواز شریف کا قافلے کی گاڑیاں چل رہی ہیں ۔ لاہور پہنچنے سے پہلے نواز شریف کا جلوس بڑھ رہا ہے اور کالا شاہ کاکو انٹرچینج پر فیصل آباد، جھنگ، سرگودھا اور دوسرے علاقوں سے لوگ آ کر جلوس میں شامل ہونے لگے ہیں جس سے اس میں خاصا اضافہ ہو گیا ہے۔

جگہ جگہ شہباز شریف کے استقبالیہ بینروں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، جب کہ اس سے پہلے وہ خال خال ہی نظر آتے تھے۔ مریدکے میں خطاب کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ چند لوگ ملک کے مالک نہیں ہوسکتے پاکستان کے اصلی مالک 20 کروڑ عوام ہیں۔

(جاری ہے)

2013 میں نہ تو چولہا جلتا تھا اور نا ہی کوئی کارخانہ چلتا تھا لیکن میں نے اقتدار سنبھالتے ہی دن رات عوام کی خدمت پر لگا دیئے سڑکیں بن رہی تھیں موٹروے بنائے جارہے تھے، روشنیاں دوبارہ لوٹ رہی تھیں بجلی بلاتسلسل اور سستی فراہم کی جارہی تھی اگر ترقی کی یہی رفتار رہتی تو اگلے دو تین سالوں میں بیروزگاری کا خاتمہ ہوجاتا میں نے کوئی کرپشن اور ہیراپھیری نہیں کی، کہتے ہیں ہم نے نوازشریف کو نااہل اس لئے کیا کہ وہ اپنے بیٹے سے تنخواہ نہیں لیتا تھا اگر بیٹے سے تنخواہ لی بھی تو کیا ہوا، لیکن عوام کے منتخب وزیر اعظم کو رسوا اور ذلیل کرکے نکال دیا گیا کیا عوام اس فیصلے کو منظور کرے گی۔

مریدکے اور شاہدرہ کے باہر عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ آپ نے مجھے وزیراعظم بنا کر اسلام آباد بھیجا تھا لیکن اسلام آباد والوں نے مجھے واپس بھیج دیا کیا یہ ووٹ کی توہین نہیں، چند لوگ پاکستان کے مالک نہیں ہوسکتے یہ وہی لوگ ہیں جو ووٹ کی پرچی بھاڑ دیتے ہیں اس ملک کے اصلی مالک 20 کروڑ عوام ہیں، پاکستانی عوام کو اس سلسلے کو روکنا ہوگا یہ گھناو¿نا کھیل صرف پاکستان میں کھیلا جارہا ہے پاکستان کے علاوہ کوئی اور ملک اور خطہ نہیں جہاں یہ تماشا ہو پاکستان کی دنیا میں توقیراورعزت پر آنچ آرہی ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ آج مریدکے میں عوام کا جذبہ دیکھ کر دل باغ باغ ہوگیا اگر یہ جذبہ سلامت رہے تو خیر ہی خیر ہے اس جلسے کو دیکھ کر لگتا ہے کہ یہ انقلاب کا پیش خیمہ ہے اب ایک انقلاب ہونا چاہئے پھر آپ کے ووٹ کا احترام اس ملک میں ہوگا میں بھی آپ کے ساتھ ہوں نوازشریف کبھی آپکو دھوکا نہیں دے گااور کبھی بے وفائی نہیں کرے گا-اس سے قبل گوجرانوالہ میں پارٹی قائدین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ ہم عدالت عظمیٰ میں جو بھی کرلیتے میری نااہلی کے منصوبے پر عملدرآمد ہونا ہی تھا کیوں کہ یہ منصوبہ بہت پہلے بنایا گیا تھا بیٹے سے تنخواہ نہ لینا جرم ہے تو لینا بھی جرم ہی ٹھہرتا۔

نوازشریف نے کہا کہ سپریم کورٹ کے ججز نے ہمارے ساتھ انصاف نہیں کیا، اگر پاناما کیس عالمی عدالت انصاف میں جائے تو وہ اسے ایسے رد کریں گے جیسے گوجرانوالہ کے عوام نے رد کیا اور ایک منٹ میں ہی کیس ختم ہوجائے گا۔سابق وزیراعظم نے کہاکہ میں عوام کی خدمت کرنا چاہتا تھا لیکن مجھے ایک بار پھر روک دیا گیا، پاکستان میں گزشتہ 70 برس سے ووٹ کی قدر نہیں کی گئی لیکن اب وقت آگیا ہے کہ عوام خود اپنے ووٹ کی قدر کرائے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کا گوجرانوالہ سے لاہور کے لیے سفر شروع ہوگیا، آج داتا دربار پر خطاب کا امکان ہے،نواز شریف کاقافلہ گوجرانوالہ سے لاہور آنے کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے گوجرانوالہ سے لاہور تک جی ٹی روڈ کو پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے بند کردیا گیا ہے جبکہ لاہور میں ٹریفک بند ہے اور کئی علاقوں میں مکمل طور پر ہرقسم کی ٹریفک پر پابندی عائد ہے۔

نواز شریف کی لاہور کے لیے ریلی کا آج چوتھا روز ہے،سابق وزیراعظم کل رات گوجرانوالہ میں قیام کیا تھا۔ میاں نواز شریف کی لاہور کے لیے روانگی سے پہلے گوجرانوالہ میں پرتکلف ناشتے سے تواضع کی گئی۔ ریلی کی روانگی سےقبل گوجرانوالہ میں ن لیگ کامشاورتی اجلاس ہوا جس میں غلام دستگیر، عابد شیر علی، خرم دستگیر خان، ماروی میمن اوردیگر شریک کے علاوہ ن لیگ کی گوجرانوالہ کی مقامی قیادت بھی شریک ہوئی۔

قریبی اضلاع کے تمام اراکین اسمبلی ‘میئرحضرات اور دیگر کو شاہدرہ کے باہر جمع ہونے کی ہدایات جاری کی گئی تھیں مسلم لیگ نون لاہور میں بڑا پاور شو دکھانا چاہتی ہے جس کے لیے تمام تر وسائل استعمال کیئے گئے ہیں- شاہدرہ کے بعد نوازشریف داتا دربار پر آخری خطاب کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہدرہ چوک سےداتادربار صرف نوازشریف اورچندوزراءکی گاڑیاں جائیں گی جبکہ ریلی کے دیگر شرکاءپیدل جلسہ گاہ تک جا ئیں گے۔

حکمت عملی کے تحت نوازشریف دن کا اجلا ختم ہونے کے بعد لاہور میں داخل ہوں گے -لاہور سے مسلم یگ نون کے تمام اراکین قومی وصوبائی اسمبلی اور لوکل باڈیزکے اراکین کو بڑے پاور شو کے لیے زیادہ سے زیادہ لوگ لانے کا ٹارگٹ دیا گیا ہے-قبل ازیں گوجرانوالہ میں اجلاس کے شرکا سے گفتگوکرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ میری نا اہلی کا منصوبہ پہلے سے بنا لیا گیا تھا۔

بیٹے سے تنخواہ نہ لینا جرم تولینا بھی جرم ہی ٹھہرتا۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے ججز نے ہمارے ساتھ انصاف نہیں کیا، ہم سپریم کورٹ میں جو بھی کرلیتے نا اہلی کے منصوبے پرعمل ہوناہی تھا۔نواز شریف نے کہا کہ ستر سال سے ووٹ کی قدر نہیں کی گئی،اب وقت آگیا ہے کہ عوام کو اپنے ووٹ کی قدر کرانی ہے۔میں عوام کی خدمت کرنا چاہتا تھا لیکن اس سے بھی روک دیا گیا۔