بلدیاتی اداروں کے پاس کچرا اٹھانے کا اختیار تک نہیں، وہ بھی حکومت سندھ نے ہم سے چھین لیا ,میئر کراچی وسیم اختر

ہم جلد ہی کراچی کو صاف ستھرا اور سرسبز و شاداب بنانے میں کامیاب ہوجائیں گے،میڈیا سے بات چیت

ہفتہ 12 اگست 2017 21:58

بلدیاتی اداروں کے پاس کچرا اٹھانے کا اختیار تک نہیں، وہ بھی حکومت سندھ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اگست2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ بلدیاتی اداروں کے پاس کچرا اٹھانے کا اختیار تک نہیں، وہ بھی حکومت سندھ نے ہم سے چھین لیا لیکن ہم کراچی کے شہریوں کو اکیلا نہیں چھوڑ سکتے ہیں نہ ہی اس شہر کو کسی کے رحم و کرم چھوڑا جاسکتا ہے ہم سے جو بھی ہوسکے گا کریں گے تمام تر مسائل کے باوجود شہر کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے شہریوں کے ساتھ مل کر کاموں کا آغازکردیا ہے امید ہے کہ ہم جلد ہی کراچی کو صاف ستھرا اور سرسبز و شاداب بنانے میں کامیاب ہوجائیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے تین تلوار چورنگی کلفٹن پر ’’صاف ہوگا پاکستان مہم‘‘ کے سلسلے میںقدرتی طریقے سے تحلیل ہونے والے کچرے کے بیگز شہریوں میں تقسیم کرنے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، میئر کراچی نے اس موقع پر شہریوں کو کچرا اٹھانے کیلئے استعمال ہونے والے مخصوص بیگز دیئے اور ان سے کہا کہ اپنے گھر اور کاروبار کی جگہ کے اطراف ماحول کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں، میئر کراچی نے کہا کہ ’’صاف ہوگا پاکستان مہم ‘‘ کا مقصد شہریوں کو صفائی ستھرائی کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا ہے ہمیں شہر میں صفائی ستھرائی کے کلچر کو فروغ دینا ہے اور اس کے لئے خود آگے بڑھ کر مثال قائم کرنی ہے، انہوں نے کہا کہ شہریوں میں مخصوص بیگز تقسیم کرنے کا مقصد انہیں اس کی ترغیب دینا ہے کہ وہ کچرا جگہ جگہ نہ پھینکیں بلکہ مقررہ مقامات پر ہی کچرا ڈالیں تاکہ متعلقہ عملہ اسے وہاں سے اٹھاسکے اور ہماری سڑکیں، گلیاں اور فٹ پاتھ گندگی سے محفوظ رہیں انہوں نے کہا کہ شہر کو صاف ستھرا رکھنے میں تمام شہریوں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے جس طرح ہم اپنے گھروں کو صاف ستھرا رکھتے ہیں اسی طرح گھر کے اطراف کا ماحول بھی صاف ستھرا اور جراثیم سے پاک رکھنا ہے، انہوں نے کہاکہ صفائی ستھرائی مہم میں طالبعلموں اور رضاکاروں کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ کراچی کے شہری اپنے شہر کو صاف ستھرا دیکھنا چاہتے ہیں اور اس سلسلے میں کی جانے والی کاوشوں میں ہرممکن تعاون کے لئے تیار ہیں ۔

#