خیبر پختونخوا کے چیف سیکرٹری کا الوداعی عشائیہ سے خطاب

ہفتہ 12 اگست 2017 21:23

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2017ء) خیبر پختونخوا کے چیف سیکرٹری عابد سعید خان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں چیف سیکرٹری کی حیثیت سے سرکاری خدمات کی انجام دہی ان کی خدماتی سفر کا ایک خوشگوار اور منفرد تجربہ تھا۔ وہ خیبر پختونخوا ہائوس ایبٹ آباد میں اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے جہاں کمشنر ہزارہ محمد اکبر خان نے ہزارہ ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کی جانب سے چیف سیکرٹری کے اعزاز میں الوداعی عشائیہ کا اہتمام کر رکھا تھا۔

تقریب میں رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر محمد اظہر جدون، ڈی آئی جی ہزارہ محمد سعید خان وزیر، جنرل (ر) ایاز رانا، ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن (ر) اورنگزیب حیدر سمیت ہزارہ کے دیگر تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں، سی اینڈ ڈبلیو، اطلاعات و صحت کے ڈویژنل و ضلعی افسران، اسسٹنٹ کمشنروں اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

عابد سعید خان نے کہا کہ انہیں اگرچہ اپنے سرکاری کیریئر کے اختتام پر خیبر پختونخوا میں فرائض انجام دینے کا موقع ملا ہے لیکن اس مختصر قیام میں خوشگوار یادیں تا عمر ان کے ذہن اور دل پر نقش رہیں گی کیونکہ اس دوران انہیں صوبہ کی بیورو کریسی، عوام اور ان کے نمائندوں میں باہمی عزت و احترام، قومی اقدار اور شاندار علاقائی روایات کی پاسداری کے گہرے جذبات دیکھنے کو ملے ہیں۔

انہوں نے مرکز اور خیبر پختونخوا میں مخالف پارٹیو ں کی حکومت ہونے کے باوجود دونوں کے درمیان بہتر تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبہ کی عوام کے مفاد میں اس طرح کی رواداری بھی خیبر پختونخوا کی عظیم سماجی روایات کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے خیبر پختونخوا کے قدرتی موسم اور سماجی ماحول کو بھی مجموعی طور پر خوشگوار اور پرسکون قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس صوبہ میں خدمات انجام دینے والے قابل نوجوان، سنیئر افسران اور عوامی نمائندوں کے مابین سرکاری اصولوں اور سماجی قدروں کا حسین امتزاج بھی موجود ہے اور ایسے قابل رشک ماحول میں سرکاری خدمات انجام دینا ان کیلئے ایک عظیم اعزاز ہے۔

تقریب کے میزبان کمشنر ہزارہ محمد اکبر خان نے چیف سیکرٹری عابد سعید خان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔