پاکستان کے عوام سیکولر پارٹیوں سے تنگ آچکے ہیں ،جماعت اسلامی مورثیت سے پاک جماعت ہے

ہمارے نمائندوں نے ذات پات سے بالاترہوکر ملک وقوم کی فلاح وبہبود کیلئے کام کیا،موجودہ حکمرانوں نے لوٹ مار کے سوا کچھ نہیں کیا،عوام کے مسائل جوں کے توں ہی ہیں امیر جماعت اسلامی پشاور صابرحسین اعوان کا پی کی9 میں مختلف شمولیتی اجتماعات سے خطا ب

ہفتہ 12 اگست 2017 20:23

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 اگست2017ء) امیر جماعت اسلامی ضلع پشاور وسابق ممبر قومی اسمبلی صابرحسین اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام سیکولر پارٹیوں سے تنگ آچکے ہیں۔دینی جماعتوں کے ساتھ مل کر آئند ہ انتخابات میں حصہ لیں گے اور ملک میں سیکولرازم اور فحاشی کا راستہ روکیں گے ، جماعت اسلامی موروثیت سے پاک جماعت ہے،ہمارے مختلف ادوار میں کامیاب ہوکر اسمبلیوں میں جانے والے افراد کا دامن صاف ستھرا ہے،ہمارے نمائندوں نے ذات پات سے بالاترہوکر ملک وقوم کی فلاح وبہبود کے لیے کام کیا، اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان کو صحیح اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے کام کیا جائے،موجودہ حکمرانوں نے لوٹ مار کے سوا کچھ نہیں کیا۔

عوام کے مسائل جوں کے توں ہی ہیں ۔

(جاری ہے)

وہ ہفتہ کو پی کے نو میں مختلف شمولیتی اجتماعات سے خطا ب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر مختلف سیاسی جماعتوں سے درجنوں افراد نے جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔ صابرحسین اعوا ن نے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں عوام کو کسی قسم کاریلیف میسر نہیں۔حکمران بری طرح ناکام ہوچکے ہیں۔ملکی معیشت زبوں حالی کاشکار اور روزگار کے مواقع عملاًختم ہوکر رہ گئے ہیں۔

جب تک پاکستان میں کرپشن کاخاتمہ،قانون سب کے لیے برابراور احتساب کا بے لاگ اور بلاتفریق عمل شروع نہیں ہوجاتا ہم ترقی کی منازل طے نہیں کرسکتے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان وسائل سے مالامال ملک ہے مگر بدقسمتی سے ان وسائل سے استفادہ کرنے کی بجائے قرض لے کر معیشت کو چلانے کی ناکام کوششیں کی جارہی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ جماعت اسلامی بلا امتیاز احتساب چاہتی ہے اور بحرانوں سے نکلنے کا واحد حل یہی ہے کہ سب کا احتساب ہو۔