قومی وطن پارٹی صوبے میں واحد جماعت ہے جو صحیح معنوں میں پختونوں کی حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے ہمارے صوبہ کو خواہ وہ بجلی

لوڈشیڈنگ کا مسئلہ ہو یا ترقیاتی منصوبوں کا نظر انداز کیا جا رہا ہے جو بڑی ناانصافی ہے ، اسے مزید کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا صوبائی چیئرمین قومی وطن پارٹی سکندرحیات خان شیرپاؤ کا پارٹی عہدیداروں کے اجتماع سے خطاب

ہفتہ 12 اگست 2017 20:23

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 اگست2017ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندرحیات خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ قومی وطن پارٹی صوبے میں واحد جماعت ہے جو صحیح معنوں میں پختونوں کی حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے اور ان کی جماعت آخری دم تک صوبے کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتی رہے گی، ہمارے صوبہ کو خواہ وہ بجلی لوڈشیڈنگ کا مسئلہ ہو یا ترقیاتی منصوبوں کا نظر انداز کیا جا رہا ہے جو بڑی ناانصافی ہے اور اسے مزید کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا ، بجلی کے جاری لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے جس سے کاروباری سرگرمیاں ماند پڑ چکی ہیں۔

وہ بروز ہفتہ حلقہ پی کے 21کے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ سکندر شیرپائو نے کہا کہ جب قومی وطن پارٹی اقتدار میں تھی تو تب اور اب جب ان کی پارٹی اپوزیشن میں ہے یکساں طور پر صوبہ اور عوام کے حقوق کے تحفظ اور مشکلات کے خاتمے کے لیے جدوجہد کر رہی ہے ، صوبے کے عوام نے گزشتہ الیکشن میں پارٹی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا تھا اور پارٹی کی کارکردگی کی بدولت آئند ہ بھی کرے گی ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ پارٹی کی لیڈرشپ پختون قوم کی آواز ہے اور وہ صوبے اور عوام کی توقعات پر پور اتریں گے ،پانامہ کا ایشو اب ختم ہو چکا ہے لہٰذا حکومت ملک میں امن و امان کے پائیدار قیام،لوڈشیڈنگ کے خاتمے اور چھوٹے صوبوں اور چھوٹی قومیتوں کے مسائل و مشکلات کے خاتمے پر بھرپور توجہ دے کر نتیجہ خیز اقدامات اٹھائے۔انھوں نے کہا کہ صوبے کے عوام کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کر کے یہاں کے مسائل کے حل اور تعمیر اور ترقی کے لیے موثر کردار ادا کیا جائے گا ۔

انھوں نے پارٹی کارکنوں سے کہا کہ وہ پارٹی کی مزید ترویج اور پارٹی کی تنظیمی سلسلہ کو آگے بڑھانے کے لیے دن رات کوششیں کرے اور پارٹی پیغام گھر گھر پہنچانے کے لیے کردار ادا کریں ۔اجتماع سے قومی وطن پارٹی کے رہنمائوں ارشد خان عمرزئی،جاوید خان کتوزئی ،فقیر حسین اور مفتی افتخارنے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع حلقہ PK-21کے عہدیدار وں اور کارکنوں کے علاوہ پارٹی کے ضلعی اور تحصیل ممبران بھی موجود تھے۔