نواز شریف نا اہلی کے بعد بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکے ہیں جتنی مرضی چیخیں مار لیں احتساب سے بچ نہیں سکتے،اعجاز احمد چوہدری

قوم کی لوٹی ہوئی دولت کی پائی پائی کا حساب دینا ہوگا ، تقریب سے خطاب

ہفتہ 12 اگست 2017 21:13

نواز شریف نا اہلی کے بعد بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکے ہیں جتنی مرضی چیخیں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اگست2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اعجاز احمد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف نا اہلی کے بعد بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکے ہیں جتنی مرضی چیخیں مار لیں وہ احتساب سے بچ نہیں سکتے انہیں قوم کی لوٹی ہوئی دولت کی پائی پائی کا حساب دینا ہوگا ، نواز شریف اور انکے حواری ملک میں افراتفری پیدا کرنا چاہتے ہیں ملک اور قوم کے اربوں روپے لوٹ کر نواز شریف باہر لے گئے ، شریف فیملی نے ہمیشہ جھوٹ بولا کہ ہمارا کاروبار خسارے میں جا رہا ہے یہ جھوٹے اور مکار ہے ان کی سپریم کورٹ نے جعل سازی پکڑ لی ہے یہ عوام کو بے وقوف نہیں بنا سکتے ، وہ گزشتہ روز پی پی 153میں پی ٹی آئی رہنما عمران امین اورچوہدری ریاض کی طرف سے کارکنوں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے ، انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے نام نہاد چیمپین عوام کی جانوں سے کھیل رہے ہیں ، نواز شریف کی پروٹوکول کی گاڑی نے معصوم بچے کو کچل دیا اور دبائو ڈال کر اپنی مرضی کی ایف آئی آر کٹوا ئی ہے ، معصوم بچے کو کچل دینے کے واقعہ کا سپریم کورٹ از خود نوٹس لیں اور نواز شریف اس بچے کے قتل کے ذمہ دار ہے اور ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے اور گرفتار کیا جائے ، انہوں نے کہا کہ شریف خاندان اپنے آپ کو قانون سے بالاتر سمجھتا ہے ،سانحہ ماڈل ٹائون میں چودہ بے گناہ افراد کو قتل کیا اور آج تک شہداء کے لواحقین انصاف کے طلب گار ہے ، تحریک انصاف ان چوروں اور ڈکیت حکمرانوں کا پیچھا نہیں چھوڑیں گی ، سپریم کورٹ کے خلاف نواز شریف مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں بلکہ توہین عدالت کے مرتکب ہو رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

تقریب میں شبیر سیال ، جاوید بھٹی ، امجدخان، عبدالکریم کلواڑ ، چوہدری صفدر ، رانا انجم یعقوب ، میاں اختر حسین، مہر نعیم اللہ تاج، منیر جٹ ،چا چا پی ٹی آئی سمیت دیگر کارکنان نے شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :