بین الاقوامی مرکز جامعہ کراچی کے تحت ’’یوم ِ اقلیت‘‘کا انعقاد

ہفتہ 12 اگست 2017 20:53

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2017ء) بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی نے اقلیتی برادری کی پاکستان کے قیام اور قومی تعمیر و ترقی کے سلسلے میں پیش کی جانے والے قربانیوں اور خدمات کی یاد منانے کے لئے جمعہ کو’’یومِ اقلیت‘‘ منایا، اس سلسلے میں آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی میں ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سری لنکا کی معروف دفاعی یونیورسٹی جنرل سر جان کاٹیاوالا ڈیفینس یونیورسٹی (کے ڈی یو) کے ایک تحقیقی ادارے کے ڈائریکٹر پرفیسر رشن پیریرا سمیت آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری اور مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے بین الاقوامی مرکز کے ملازمین اور طالب علموں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

پروفیسر اقبال چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ یومِ اقلیت منانے کا مقصد ملکی تعمیر و ترقی میں اقلیتی برادری کی قربانیوں اور خدمات کو یاد کرنا ہے۔ انہوں نے کہا ملک میںہرفرد کی پہچان خواہ وہ کسی مذہب سے تعلق رکھتا ہو پاکستان ہے، بھارت کے مقابلے میں پاکستان مذہبی اقلیت کے لئے پُرامن ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم نے ارشاد فرمایا ہے کہ ’’ہرفرد یہ اختیار رکھتا ہے کہ وہ آزادی سے اپنی مذہبی رسومات کو انجام دے، ہم سب گرجاگھر، مسجد، مندر اور کسی بھی عبادت گاہ میں جانے کے لئے آزاد ہیں۔

‘‘سری لنکا کے اسکالر پرفیسر رشن پیریرا نے قومی سطح پر ’’یومِ اقلیت‘‘ منانے کے پاکستانی حکومت کے اقدام کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی مرکز میں یہ ان کا تیسرا دورہ ہے لیکن انہیں پاکستان میں وطن جیسا ماحول ہی محسوس ہوتا ہے۔ تقریب میں عیسائی، ہندو اور بدھ مت سے تعلق رکھنے والے بین الاقوامی مرکز کے ملازمین اور طالب علموں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ آخر میں بین الاقوامی مرکز کے سینئر آفیشل یعقوب جان اور ہندوبرادری سے تعلق رکھنے والے آفیشل نے بھی دعائیہ کلمات ادا کئے۔

متعلقہ عنوان :