اسلام آباد، ریڈ زون میں آزادی پارک بنانے کا فیصلہ ،سی ڈی اے کی بھاری مشنری پہنچ گئی

کئی سالوں سے ڈی چوک میں پڑے کنٹینرز اور خاردار تاروں کو ہٹاناشروع کر دیا گیا

ہفتہ 12 اگست 2017 20:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اگست2017ء) وفاقی دارالحکومت کے ریڈ زون میں آزادی پارک بنانے کا فیصلہ ،سی ڈی اے کی بھاری مشنری ریڈ زون میں پہنچ گئی، ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے ڈی چوک سے ملحقہ گرین ایریا میں وفاقی حکومت کی جانب سے آزادی پارک بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے پیش نظر کئی سالوں سے ڈی چوک میں پڑے کنٹینرز اور خاردار تاروں کو ہٹاناشروع کر دیا گیا ہے، کروڑوں روپے کی لاگت سے بنائے جانے والے آزادی پارک میں یوم آزادی کی تقریبات کے ساتھ ساتھ واک کیلئے مخصوص ٹریک بنایا جائے گا اس حوالے سے ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ کنٹینر ہٹائے جانے اور پارک بنانے کے فیصلے کے بعد ریڈ زون کو وسیع کرتے ہوئے زیروپوائنٹ تک کے علاقے کو ریڈزون میں شامل کیا جائے گا اور اس حوالے سے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اسلام آباد پولیس میں 2ہزار جوانوں کو بھی بھرتی کیا جائے گا جو کہ ریڈ زون میں سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دے گے اور ان کو جلسے جلسوں اور ریلیوں کی سیکیورٹی کیلئے ٹریننگ دی جائے گی اور کسی کو بھی ریڈ زون میں آئندہ ریلی نکالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، آن لائن کے رابطے پر کینٹنر ہٹائے جانے کے حوالے سے ایس پی سٹی شیخ زبیر کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے مستقل بنیادوں پر کنٹینرز ہٹانے کا حکم دیا گیا ہے جس پر سی ڈی اے کا کام جاری ہے، پولیس کی جانب سے مکمل تعاون اور سیکیورٹی کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔

۔