Live Updates

وزیراعظم کی ہدایت پر ڈی چوک کھول دیا گیا،شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی

ڈی چوک عارضی طور پرپرویز مشرف کے دورمیں 2004میں بند کر دیا گیا تھا، 2014میں تحریک انصاف اورعوامی تحریک کے دھرنوں کے بعد ڈی چوک کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا تھا

ہفتہ 12 اگست 2017 19:50

وزیراعظم کی ہدایت پر ڈی چوک کھول دیا گیا،شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 اگست2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی ہدایت پر ڈی چوک دوبارہ کھول دیا گیا، وہاں لگے کنٹینرز کو ہٹا دیاگیا جس سے شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، ڈی چوک کو عارضی طور پرسابق فوجی صدر پرویز مشرف کے دورمیں 2004میں بند کر دیا گیا تھا،بعد ازاں 2014میں پاکستان تحریک انصاف اورپاکستان عوامی تحریک کے دھرنوں کے بعد ڈی چوک کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا تھا اور وہاں مٹی کے ڈھیر لگادیئے گئے تھے ،مشہور عوامی مقام کو کھولتے ہوئے مٹی کے بھاری ڈھیر ہٹا دیے گئے ،صفائی ستھری کا کام بھی مکمل کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہائوس اور ایوان صدر کے سامنے ڈی چوک کو13سالوں کے طویل عرصے کے بعد کھول دیا گیا ہے،2004میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ابتدائی طور پر ڈی چوک کو خاردارتاریں لگا کربند کر دیا گیا تھا، شام کو ڈی چوک میں شہر اقتدار کے لوگ اپنی فیملیز کے ساتھ چہل قدمی کیلئے ڈی چوک میں آتے تھے اور کافی وقت گزارتے، تفریح کرتے اور رات گئے تک ڈی چوک میں رونق لگی رہتی تھی، 2004میں عوامی مقام کو شہریوں کیلئے بند کر دیا گیا تھا2014میں پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک نے حکومت کے خلاف طویل دھرنے دیئے تو حکومت نے ڈی چوک کوسیل کرتے ہوئے دونوں اطراف میں درجنوں کنٹینرز رکھ دیئے۔

(جاری ہے)

سابق وزیر داخلہ نے ڈی چوک کو ختم کرنے کا اعلان کیا جس پر سی ڈی اے کی بھاری مشینوں نے ڈی چوک کے اطراف میں سیڑھیوں کو مسمار کر دیا تھا، یہ سیڑھیاں ڈی چوک میں ہونے والی قومی پریڈ کے حوالے سے نشستوں کے طور پر استعمال کی جاتی تھیں۔گزشتہ روز وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی خصوصی ہدایت پر ڈی چوک کو کھولتے ہوئے رکاوٹیں ہٹا دی گئیں، شہریوں کی بڑی تعداد ڈی چوک پہنچ گئی اور انتہائی خوشی کا اظہار کیا۔سی ڈی اے اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس کے اعلیٰ حکام کی نگرانی میں کنٹینرز و دیگر رکاوٹیں ہٹا دی گئیں، ڈی چوک کھلنے کی اطلاع ملنے پر سب سے پہلے نوجوان ڈی چوک پہنچے اور سیلفیاں بناتے رہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات