محمد نواز شریف سے خیبر پختونخوا کے لوگ بھی محبت کرتے ہیں، وہ بھی قائد کی ایک جھلک دیکھنے کے لئے بیتاب ہیں،

تحریک انصاف نے اپنے دور حکومت میں کے پی کے کو پچاس سال پیچھے دھکیل دیا ہے ، کے پی کے میں ترقی صرف سوشل میڈیا اور فیس بک پر نظر آرہی ہے مسلم لیگ ( ن) خیبر پختونخوا کے صدر امیر مقام کی مریدکے میں ریلی سے خطاب

ہفتہ 12 اگست 2017 18:49

اسلام آباد/مریدکے ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2017ء) مسلم لیگ ( ن) خیبر پختونخوا کے صدر امیر مقام نے کہاہے کہ سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف سے جس طرح پنجاب کے لوگ محبت کرتے ہیں اسی طرح خیبر پختونخوا کے لوگ بھی محبت کرتے ہیں، میں نواز شریف کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ لاہور کے بعد کے پی کے کا دورہ کریں، وہ بھی قائد کی ایک جھلک دیکھنے کے لئے بیتاب ہیں ۔

ہفتہ کو یہاں سابق وزیرا عظم محمد نواز شریف کی استقبالیہ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہمارا ایک سیاسی مخالف کچھ سالوں سے وزیراعظم بننے کے خواب دیکھ رھا ہے اور اس خواب کی تعبیر کے لیے سازشیں کررہا ہے ، میں ان سے کہتا ہوں کہ وزیر اعظم کی کرسی کے خواب دیکھنے اور سازشیں کرنے سے نہیں ،عوام کی خدمت ،محبت اور ووٹ سے ملتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نوازشریف لوگوں کے دلوں میں بستے ہیں، دلوں میں بسنے والوں کو سازشوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے یہ ہی وجہ ہے لوگ گزشتہ چار دنوں سے سخت گرمی میں اپنے قائد کی ایک جھلک دیکھنے کے لئے پھول اٹھائے کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف سے لوگوں کی محبت دیکھ کر آپ کو کیوں تکلیف ہو رہی ہے ،انہوں نے کہا کہ کے پی کے میں تحریک انصاف کی حکومت ہے ، تحریک انصاف نے اپنے دور حکومت میں کے پی کے کو پچاس سال پیچھے دھکیل دیا ہے ، کے پی کے میں ترقی صرف سوشل میڈیا اور فیس بک پر نظر آرہی ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ۔انہوں نے عوام کو دعوت دیتے ہوئے کہاکہ وہ کے پی کے آئیںاور کے پی کے میں تحریک انصاف کی جھوٹی ترقی کے دعوی کو اپنی انکھوں سے دیکھیں ۔ انہوں مزید کہا کہ کے پی کے میں چار سالا دور حکومت میں تحریک انصاف نے صوبے کو کھنڈر بنا دیا اگر پاکستان کے یہ حکمران ہوتے تو اسکا کیا حال کر دیتے اسکا اندازہ آپ بخوبی لگا سکتے ہیں۔