متحدہ پاکستان نے سینیٹ کی خالی نشست پر پیپلزپارٹی کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کردیا

پارٹی رہنماؤں کو جیل میں اسیر کارکنوں کیساتھ رکھے جانیوالے ناروا سلوک ، چھاپوں اور گرفتاریوں سے آگاہ کیا ہے،کنور نوید جمیل ایم کیو ایم پاکستان اور لندن کو الگ الگ سمجھتے ہیں، تمام مسائل کا قانون کے مطابق حل نکالا جائے گا ،نثار احمد کھوڑو کی ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 12 اگست 2017 18:20

متحدہ پاکستان نے سینیٹ کی خالی نشست پر پیپلزپارٹی کے امیدوار کی حمایت ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2017ء) ایم کیو ایم پاکستان نے سعید غنی کے استعفیٰ کے بعد خالی ہونے والی سینیٹ کی نشست کے لیے پیپلزپارٹی کے امیدوار بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی حمایت کردی ہے ۔یہ اعلان ایم کیو ایم کے مرکزی رہنما کنور نوید جمیل نے ہفتہ کو پیپلزپارٹی کے وفد سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس میں کیا ۔پیپلزپارٹی کے وفد نے نثار کھوڑو کی قیادت میں متحدہ پاکستان کے رہنماؤں سے بہاد ر آباد میں ان کے دفتر میں ملاقات کی ۔

پیپلزپارٹی کے وفد میں صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ ،ڈاکٹرعاصم حسین اور بیرسٹر مرتضیٰ وہاب شامل تھے جبکہ ایم کیو ایم کی جانب سے ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی ،خواجہ اظہار الحسن ،فیصل سبزواری اور امین الحق موجود تھے ۔ملاقات میں سیاسی صورت حال ،بلدیاتی امور اور ترقیاتی کاموں پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

(جاری ہے)

پیپلزپارٹی کے وفد نے ایم کیو ایم سے درخواست کی کہ سینیٹ کی نشست پر ان کے امیدوار بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی حمایت کی جائے ۔

ایم کیو ایم نے پیپلزپارٹی کو سندھ حکومت کی جانب سے بلدیاتی نمائندوں اور حکومتوں کے ساتھ عدم تعاون ،کارکنان کی گرفتاریوں ،جیلوں میں اسیر کارکنوں کے ساتھ ناروا سلوک ،ترقیاتی کاموں میں شہری علاقوں کو نظرانداز کرنے ،فنڈز کی عدم فراہمی اور دیگر معاملات پر اپنے تحفظا ت سے آگاہ کیا ۔پیپلزپارٹی نے ان مطالبات اور تحفظات کو قانون کے مطابق حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ،بعد ازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کنور نوید جمیل نے کہا کہ مرتضی وہاب فوزیہ وہاب کے بیٹے اور پیپلزپارٹی کے امیدوار ہیں ۔

مرتضی وہاب سے ہمارے گہرے تعلقات ہیں ۔اس لیے ایم کیو ایم نے سینیٹ کی سیٹ پر مرتضی وہاب کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے ۔انہوںنے کہا کہ ہم پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کو جیل میں اسیر کارکنوں کے ساتھ رکھے جانے والے ناروا سلوک ، چھاپوں اور گرفتاریوں سے آگاہ کیا ہے اور ان کو یہ بھی بتایا کہ شہر میں ایسے پولیس افسران کو تعینات کیا جا رہا ہے جو کراچی کا محل ووقوع بھی نہیں جانتے ہیں ۔

انہوںنے کہا کہ ملاقات میں کراچی کی تباہ حالی اور بلدیاتی اختیارات پر بھی بات چیت کی گئی ۔ہم نے کراچی کی اور سندھ کی عوام کے لیے مطالبات رکھے ہیں ۔نثار کھوڑو نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ مسائل کے حل کیلئے وزیراعلیٰ سند ھ سے بات کریں گے اور مسائل کا حل نکالا جائے گا ۔اس موقع پر نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ ایم کیو ایم کے مرکز پر سینیٹ کی خالی نشست کے حوالے سے بات کرنے آئے تھے ۔

ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی سندھ اسمبلی میں دو بڑی جماعتیں ہیں ۔بہتر سیاسی ماحول کے قیام کے لیے ہم نے ایم کیو ایم سے اپنے امیدوار کی حمایت کی درخواست کی تھی تاکہ الیکشن کے موقع پر اچھا ماحول پیدا کیا جاسکے ۔ہم ایم کیو ایم پاکستان کے شکر گذار ہیں کہ انہوںنے ہمارے امیدوار کی حمایت کا اعلان کیا ہے ۔انہوںنے کہا کہ ہم چھانگا مانگا کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے ہیں ۔

الزامات کی سیاست بہت ہوگئی ہے ۔ایم کیو ایم کے جیل میں اسیر کارکنان کے ساتھ جاری روئیے پر بات ہوئی ہے ۔ہم نے یقین دہانی کرائی کہ جیل میں جو غلط چیزیں ہو رہی ہیں اسکو ختم کریں گے ۔ایم کیو ایم پاکستان اور لندن کو الگ الگ سمجھتے ہیں، ایم کیو ایم پاکستان سے بہترین ورکنگ ریلیشن شپ چاہتے ہیں اور یہ بالکل نہیں چاہتے ہیں کہ دونوں جماعتوں کے درمیان کشیدگی کی فضا قائم ہو ۔ ایم کیو ایم کو سندھ حکومت میں کوئی شمولیت کی دعوت نہیں دی ہے ۔ایم کیو ایم سے آئندہ بھی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہے گا ۔مسائل کو جلد حل کر لیں گے۔ایک سوال کے جواب میں نثار کھوڑو نے کہا کہ کراچی میں کا کچرا ایک دن میں ختم نہیں ہوسکتا ، بہت بڑا شہر ہے ۔ اس کام میں وقت لگے گا ۔

متعلقہ عنوان :