سابق وزیراعظم نواز شریف کی گوجرانوالہ سے لاہور روانگی سے قبل کارکنوں کا جشن‘پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں

گوجرانوالہ کے عوام نے سابق وزیر اعظم کا تاریخی استقبال کرکے ریکارڈ قائم کر دیا،پارٹی رہنمائوں کی گفتگو سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے قافلے کا مریدکے اور کامونکے میں شاندار استقبال ،ْ گاڑی پر گل پاشی کی گئی

ہفتہ 12 اگست 2017 18:17

سابق وزیراعظم نواز شریف کی گوجرانوالہ سے لاہور روانگی سے قبل کارکنوں ..
گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2017ء) سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف عوام کے جم غفیر کیساتھ گوجرانوالہ سے لاہور کی طرف روانہ ہوئے،کارکنوں کی جانب سے سابق وزیر اعظم پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں ،ْ کارکنوں نے قیادت کے حق میں نعرے بازی کی اور فتح کا نشان بناتے رہے۔اس موقع پر سابق وزیر اعظم کے ہمراہ وفاقی وزراء خرم دستگیر،خواجہ آصف،ماروی میمن،طلال چوہدری سمیت دیگر پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔

لاہور روانگی سے قبل لیگی رہنمائوں اور کارکنوں نے اپنے قائد سے والہانہ عقیدت کا اظہار کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اپنے عظیم لیڈر کے ہمہ وقت شانہ بشانہ ہوں گے۔اس موقع پر پارٹی رہنمائوں کا کہنا تھا کہ گوجرانوالہ کے عوام نے سابق وزیر اعظم کا تاریخی استقبال کرکے ریکارڈ قائم کر دیا ہے جس سے مخالفین کی نیندیں اڑ چکی ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم کی ریلی گوجرانوالہ پہنچی تھی جہاں ورکرز کی جانب سے اپنے قائد کا فقید المثال استقبال کیا گیا تھا۔

جہاں انہوں نے ایک رات قیام بھی کیا جس کے بعد سابق وزیر اعظم ہفتہ کی دوپہر اگلی منزل لاہور کی طرف روانہ ہوئے۔بعدازاں سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے قافلے کا مریدکے اور کامونکے میں شاندار استقبال کیا گیا، ان کی گاڑی پر گل پاشی کی گئی، طلال چوہدری، ماروی میمن،کے بعد وزیرمملکت آئی ٹی انوشہ رحمان بھی میدان میں آ گئیں، رہنمائوں نے نعرے لگالگا کر کارکنوں کا جوش بڑھایا۔ مریدکے میں لوگوں کی جانب سے عمران خان کا پتلا بھی نذرآتش کیا گیا اور تحریک انصاف کے خلاف نعرے بازی بھی کی گئی۔