سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی لاہور آمد،

کارکن اپنے محبوب قائد کے بھرپور استقبال کیلئے کارواں کے منتظر،کارواں کے راستوں پر استقبالیہ کیمپوں کے ساتھ ساتھ ہورڈنگز ،خیر مقدمی بینرز اورفلیکسز کی بھر مار، داتا دربار پر سٹیج تیار،مرکزی استقبالیہ کیمپ بھی قائم

ہفتہ 12 اگست 2017 18:17

سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی لاہور آمد،
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2017ء) سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی لاہور آمد کے سلسلے میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کارکن اپنے محبوب قائد کے بھرپور استقبال کے لئے کارواں کے بے چینی سے منتظر رہے اور کارکن اپنے قائد سے بھر پور اظہار یکجہتی کیلئے بے تاب دکھائی دیئے ،کارواں کے راستوں پر استقبالیہ کیمپوں کے ساتھ ساتھ ہورڈنگز ،خیر مقدمی بینرز اورفلیکسز کی بھر مار تھی جبکہ جی ٹی روڈ کے اطراف میں پارٹی ترانوں،نغموں کی ہر سو گونج رہی ،صوبائی دارالحکومت کے مختلف مقامات سے کارکنوں کی بڑی تعداد ریلیوں اور جلوسوں کی صورت میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کے استقبال کے لئے پہنچی، ریلی داتا دربار پہنچ کر اختتام پذیر ہوگی جہاں سابق وزیر اعظم خصوصی خطاب کریں گے جس کیلئے خصوصی سٹیج تیار کیا گیا ہے جبکہ مرکزی استقبالیہ کیمپ بھی قائم کیا گیا ہے،پولیس کی طرف سے سابق وزیر اعظم کی لاہور آمد کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ، لیگی رہنما، صوبائی وزراء ، اراکین اسمبلی او ربلدیاتی نمائندوں کا کہنا ہے کہ اپنے قائد کا والہانہ استقبال کرکے مخالفین کو یہ پیغام دے رہے ہیں کہ عوام کے اصل لیڈر نواز شریف ہی ہیں ۔