یوم آزادی کے موقع پر عوام کوصحت مند ماحول فراہم کرنے کیلئے دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں ، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ غربی

ہفتہ 12 اگست 2017 18:17

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2017ء) ایڈمنسٹریٹر بلدیہ غربی غلام فرید نے کہا ہے کہ یوم آزادی کے موقع پر عوام کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کیلئے دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چاروں زونز کے بلدیاتی افسران کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ایڈمنسٹریٹر نے اجلاس میں موجود بلدیاتی افسرا ن کو احکامات دیتے ہوئے کہا کہ 14 اگست سے قبل بلدیہ غربی کی حدود میں موجود تمام اسکولوں، کالجوں، ہسپتالوں اور تفریحی مقامات پر صفائی ستھرائی اور کچرے کی منتقلی کا عمل مکمل کرنے کیلئے تمام ہلکی و بھاری مشینری اور افرادی قوت کو بروئے کار لایا جائے تمام اہم شاہراہوں اور سڑکوں پر صفائی ستھرائی کے بعد چونے و جراثیم کش ادویات کے چھڑکاؤ کو یقینی بنایا جائے اسٹریٹ لائٹس کی مرمت اور تبدیلی کے کاموں کے ساتھ ساتھ پارکس و پلے گراؤنڈز میں روشنی کے خصوصی انتظامات کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کے احکاما ت بھی دیئے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں موجود افسران نے چاروں زونوں میں جشن آزادی کے حوالے سے کیلئے جانے والے انتظامات کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بلدیہ غربی کی حدود میں موجود تمام اسکول ، کالجز اور ہسپتالوں کے اطراف صفائی ستھرائی اور کچرے کی منتقلی کا کام برق رفتاری سے جاری ہے پارکس و پلے گراؤنڈز اور دیگر تفریحی مقامات پر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ روشنی کیلئے لائٹس کی مرمت اور تبدیلی کے کاموں پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے جبکہ سڑکوں اور شاہراہوں کی صفائی اور جراثیم کش ادویات کے چھڑکاؤ کے بھی خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :