نواز شریف کی لاہور آمد:استقبال کیلئے رقم کا مطالبہ سے تنگ ن لیگ ٹریڈر ونگ کے عہدیدار غائب

متعدد عہدیدار ملک سے باہر جبکہ اکثریت مری ،کاغان،ناران اور شمالی علاقہ جات کا رخ کرلیا

ہفتہ 12 اگست 2017 18:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اگست2017ء) سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کی لاہور آمد پر انکے استقبال کیلئے بار بار رقم کے مطالبہ سے تنگ آکر مسلم لیگ(ن) ٹریڈرز ونگ کے عہدیدار غائب ہوگئے،کوئی ملک سے باہر تو متعدد نے میاں نوازشریف کے استقبال کے بجائے مری،کاغان،ناران اور دیگر شمالی علاقہ جات کی سیر کو ترجیح دی،صرف چند عہدیدار قیادت کو خوش کرنے کیلئے آزادی چوک پہنچیں گے۔

تفصیل کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف کی لاہور آمد کے سلسلہ میں(ن) لیگ ٹریڈرز ونگ کے عہدیدار بھی حکومتی رویہ سے نالاں ہوچکے ہیں۔استقبالیہ بورڈز اور بینرز کی مد میں باربار رقم کے تقاضا پر کئی تاجروں نے اپنے موبائل فون بند کردئیے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چند روز قبل ہی ن لیگی رہنما کی جانب سے تاجروں سے رقم لی گئی لیکن گزشتہ روز دوبارہ تاجروں سے استقبالیہ بینرز اور دیگر اخراجات کیلئے رقم دینے کا مطالبہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

ن لیگ ٹریڈرزونگ کے چیئرمین بابر محمود سمیت دیگر اہم عہدیدار تنگ آکر بیرون ملک چلے گئے ہیں جبکہ انکی جانب سے ہزاروں تاجر استقبال کیلئے اکٹھا کرنے کے دعوے کئے گئے تھے۔اسی طرح دیگر تاجر نمائندے بھی استقبال کی بجائے آج مری،کاغان،ناران اور دیگر سیرو تفریح کے مقامات کی جانب روانہ ہو رہے ہیں جبکہ انکی جانب سے یہے بتایا گیا ہے کہ وہ لاہور میں استقبال کیلئے موجود ہوں گے۔

گزشتہ روز مسلم لیگ(ن) ٹریڈرزونگ لاہور کے صدر عرفان اقبال شیخ کی جانب سے شہر میں موجود دیگر تاجروں کو اکٹھا کرکے آزادی چوک کے قریب نواز شریف کے استقبال کا پروگرام بنایا اور اس سلسلہ میں تاجروں سے رابطے کئے گئے۔تاجروں کے دیگر گروپس پہلے ہی نوازشریف کے ساتھ نہیں ہیں اور وہ اس ریلی کی مخالفت کر رہے ہیں۔۔