چینی نائب وزیراعظم اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ پاکستان کی آزادی کی 70ویں سالگرہ میں شرکت کرے گا

وانگ یانگ صدر ممنون حسین اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات اور سی پیک منصوبوں کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کریں گے ، دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے

ہفتہ 12 اگست 2017 17:59

چینی نائب وزیراعظم اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ پاکستان کی آزادی کی 70ویں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 اگست2017ء) چینی نائب وزیراعظم وانگ یانگ کی قیادت میں اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان کی آزادی کی 70ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کرے گا، وانگ یانگ صدر ممنون حسین اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کریں گے اور سی پیک منصوبوں کی افتتاحی تقریب میں بھی شریک ہوں گے، دورے میں دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق چینی نائب وزیراعظم کی قیادت میں اعلیٰ سطح کا وفد(آج) اتوار سے پاکستان کا دورہ کر رہا ہے، نائب وزیراعظم وانگ یانگ چین کی صدر کی ہدایت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق چین کا وفد پاکستان کی آزادی کی 70ویں سالگرہ میں شرکت کرے گا۔ چینی وفد کا دورہ ملکوں کی مضبوط دوستی کا عکاس ہے، مارچ میں چین کی مسلح افواج کے دستوں نے یوم پاکستان پریڈ میں حصہ لیا تھا، چینی نائب وزیراعظم 14اگست کو پرچم کشائی کی تقریب میں شرکت کریں گے۔

وانگ یانگ صدر ممنون حسین اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے بھی ملاقات کریں گے۔ چینی نائب وزیراعظم سی پیک منصوبوں کی افتتاحی تقریب میں بھی شریک ہوں گے، دورے میں دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ مفاہمت کی یاداشتوں پر دستخط ہوں گے۔