سازش آپ کے بچوں نے کی ،پندرہ بیس ہزار لوگ اکٹھے کرنے سے سچے ثابت نہیں ہوں گے‘ فواد چوہدری

ریلی میں صرف باجا پارٹی شامل ،شریف فیملی آنے والے دنوں میں ضمانتیں کروا رہے ہوں گے یا اڈیالہ جیل جائیں گے

ہفتہ 12 اگست 2017 17:49

سازش آپ کے بچوں نے کی ،پندرہ بیس ہزار لوگ اکٹھے کرنے سے سچے ثابت نہیں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ یہ سن سن سن کر کان پک گئے ہیں کہ ہمارے خلاف سازش ہوئی ہے لیکن کوئی یہ نہیں بتا رہا کہ سازش ہوئی کہاں ہے ،ریلی میں پارٹی کی قیادت شامل نہیں ہے،ملک کو اندھیروں میں دھکیلا جا رہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میاں اسلم اقبال، عمر سرفرازچیمہ اور ڈاکٹر شاہد صدیق خان کے ہمراہ چیئرمین سیکرٹریٹ گارڈن ٹائون میں پریس کانفرنس کے موقع پر کیا ۔

فواد چوہدری نے ہمیں لالہ موسیٰ کے قریب نوازشریف کی ریلی میں حادثے کے نتیجے میں بچے کے جاں بحق ہونے پر گہر ے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حادثات ہو جاتے ہیں لیکن اس کے بعد کیپٹن صفدر اور خواجہ سعد رفیق کا بیان متاثرہ خاندان کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے برابر ہے، بڑے افسوس کی ہے کہ آج اس بچے کے جنازے میں (ن) لیگ کے کسی لیڈر کو جانے کی توفیق نہیں ہوئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ملک کو اندھیروں میں دھکیلا جارہا ہے، تین دن سے یہ سن سن کر کان پک گئے ہیں کہ ہمارے خلاف سازش ہوئی ہے۔نوازشریف یہ کہہ رہے ہیں کہ سازش ہو رہی ہے لیکن یہ نہیں بتا رہے کہ سازش کون کررہا ہے ۔ملک کی سب سے بڑی عدالت نے آپ کو نااہل قرار دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کسی پاکستانی یاسیاستدان نے نہیںبنایا بلکہ انٹرنیشنل ایشو ہے جس میں نوازشریف سمیت کئی ممالک کے لوگوں کے نام آئے ہیں ، پاکستان کی کسی ایجنسی نے آپ کی پراپرٹی کے متعلق نہیں بتایابلکہ انٹرنیشنل ایجنسی نے بتایا، آ پ نے خود سپریم کورٹ سے تحقیقات کا مطالبہ کیا، سپریم کورٹ کی تحقیقات کے بعد دوججز نے نوازشریف کو نااہل قرار دیا اورتین ججز نے مزید تحقیقات کا حکم دیا اوراعلیٰ عدلیہ نے جے آئی ٹی بنانے حکم دیا، جے آئی ٹی بننے پر آپ نے اعتراض نہیں کیا بلکہ مٹھائیاں بانٹیں اور چیخ چیخ کر عوام کوبتاتے رہے کہ نوازشریف کے خلاف تحقیقات میںکچھ ثابت نہیںہوا، جے آئی ٹی نے شریف فیملی سی13 سوالوں کے جواب پوچھے جس پرشریف فیملی جواب دینے میں ناکام رہی ، جے آئی ٹی نے سوال پوچھا کے کہ گلف سٹیل کیسے لگائی، حسن اور حسین اتنے امیر تھے کہ وہ فلیٹ خرید لیتے، 2013 تک انہوں نے تیرہ کمپنیاں بنائی۔

فوادچوہدری نے کہاکہ آج میاں صاحب کہتے ہیں مجھے دس ہزار درہم پر نااہل کیا گیا تو یہ کمپنیاں کہاں سے آئیںتھیں، 88 کروڑ مریم نواز کے اکاونٹ میں رات و رات کیسے منتقل ہوئے ۔انہوں نے کہا کہ جہلم ، لالہ موسی گجرات، گوجرانوالہ اور لاہور کے لوگوں کو سمجھ نہیں آرہی ہے کہ ہوا کیا ہے اور شریف فیملی نے کیسے کرپشن کی تھی ۔فواد چوہدری نے مطالبہ کیاکہ نوازشریف کھل کر بتائیں کیا پاکستان کے ادراے، یو اے ای کی حکومت اور بیرون ملک کا میڈیا آپ کے خلاف سازش کر رہے ہیں ،نواز شریف کے خلاف سازش ان کے بچوں نے کی ہے جنہوں نے جھوٹے ڈاکومنٹس بنائے ۔

انہوں نے کہا کہ پندرہ بیس ہزار لوگ اکٹھے کرنے سے آپ سچے ثابت نہیں ہوں گے۔ نوازشریف کی ریلی میں صرف باجا پارٹی شامل ہے پارٹی کی قیادت شامل نہیں ہے، شریف فیملی آنے والے دنوں میں ضمانتیں کروا رہے ہوں گے یا اڈیالہ جیل جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :