ْمراد علی شاہ سندھ میں سکیورٹی کی صورتحال مزید بہتر بنانے کیلئے کردار ادا کریں ،وزیراعظم

سندھ کی ترقی کیلئے وفاق صوبائی حکومت کیساتھ مل کر بھرپور اقدامات کریگا ،ہر ممکن تعاون کیا جائیگا،شاہد خاقان عباسی کی وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات میں گفتگو

ہفتہ 12 اگست 2017 17:49

ْمراد علی شاہ سندھ میں سکیورٹی کی صورتحال مزید بہتر بنانے کیلئے کردار ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2017ء) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سندھ میں سکیورٹی کی صورت حال مزید بہتر بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں اور عوامی مسائل کے حل کے لیے بلدیاتی حکومتوں کے ساتھ اپنی ورکنگ ریلیشن شپ کو مزید بہتر بنائیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کو گورنر ہاؤس میں وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

ملاقات میں سیاسی صورت حال ، صوبے میں امن وامان کی صورت حال ، کراچی آپریشن ، ترقیاتی منصوبوں ، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سندھ کی ترقی کیلئے وفاق صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر بھرپور اقدامات کرے گا اور ہر ممکن تعاون کیا جائے گا ۔