پاکستان کے 20 کروڑ عوام اس کے اصلی مالک ہیں، چند لوگ پاکستان کے مالک نہیں ہو سکتے، عوام کو ملک کا مالک

بنائیںگے،میرے خلاف ایک پائی کی کرپشن‘ کمیشن‘ خوردبرد یاہیرا پھیری کا کوئی ثبوت نہیںہے، عوام نے نواز شریف کو وزیر اعظم بنا کر اسلام آباد بھیجا تو نکال کسی اور نے دیا‘ اگر نواز شریف نے کرپشن کی ہوتی تو اسے کان سے پکڑ کر باہر نکال دیتے اور میری آنکھ بھی شرم سے نہ اٹھ سکتی سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کا مریدکے میں کارکنوں سے خطاب

ہفتہ 12 اگست 2017 17:40

پاکستان کے 20 کروڑ عوام اس کے اصلی مالک ہیں، چند لوگ پاکستان کے مالک ..
مریدکے۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2017ء) سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے 20 کروڑ عوام اس کے اصلی مالک ہیں، چند لوگ پاکستان کے مالک نہیں ہو سکتے‘ ملک کا عوام کو مالک بنائیںگے، میرے خلاف ایک پائی کی کرپشن‘ کمیشن‘ خوردبرد یاہیرا پھیری کا کوئی ثبوت نہیںہے، عوام نے نواز شریف کو وزیر اعظم بنا کر اسلام آباد بھیجا تو نکال کسی اور نے دیا، اگر نواز شریف نے کرپشن کی ہوتی تو اسے کان سے پکڑ کر باہر نکال دیتے اور میری آنکھ بھی شرم سے نہ اٹھ سکتی۔

وہ ہفتہ کے روز مریدکے پہنچنے پر استقبال کرنیوالے کارکنوں سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر خواجہ آصف‘ رانا تنویر‘رانا افضال سمیت دیگر لیگی رہنما بھی موجود تھے۔ محمد نواز شریف نے کہا کہ کیا باپ بھی بیٹے سے تنخواہ لیتا ہے،اس بات پر وزیر اعظم کو نکال دیا جاتا ہے، اس نظام کو بدلنا ہو گا،انہوں نے کہ میں دن رات آپ کی خدمت کر رہا تھا، بجلی پہلے سے بہتر ہوئی ہے،سڑکیں بن رہی تھیں ، موٹر وے بن رہے تھے، بلوچستان کی ترقی ہو رہی تھی، سی پیک پاکستان میں بن رہا تھا، نوجوانوں کو روزگار ملنا شروع ہو گیا تھا، اگلے دو تین سالوں میں پاکستان سے بیروز گاری کا خاتمہ ہو جاتا، سب کو عزت کی روٹی مل رہی ہوتی۔

(جاری ہے)

نواز شریف نے کہا کہ ملک میں انقلاب ہونا چاہیے یا نہیں ہونا چاہیئی کیا آپ انقلاب کیلئے تیار ہیں انہوں نے کہا کہ ملک کو ترقی کی بلندیوں پر لے جا رہے تھے اور میرا وعدہ ہے پاکستان ترقی کی بلندیوں پر جائے گا مگر اس کے لیے انقلاب لانا ہے۔اپنے خطاب میں سابق وزیراعظم نے کارکنوں کو اپنی وفاداری کا بھی بھرپور یقین دلایا اور کہا کہ نوازشریف آپ کے قدم سے قدم ملا کر چلے گا، نواز شریف کبھی دھوکہ نہیں دے گا، ہمیشہ وفا کرے گا۔

مریدکے والوں ، یہ جذبہ واقعی انقلاب اور تبدیلی کا پیش خیمہ ہے،یہ نہ ہوا تو دنیا میں کوئی ہمارا احترام نہیں کرے گا۔ محمد نواز شریف نے کہا کہ مجھے توقعات ہیں کہ مریدکے کے عوام حق اور سچائی کا ساتھ دیں گے،یہ سچے کھرے لوگ نواز شریف کے وفا دار ساتھی اور نواز شریف ان کا باوفا ساتھی ہے۔نواز شریف نے مزید کہا کہ وقت آنے والا ہے کہ فیصلہ ہو جائے گا ،ملک عوام کا ہے چند لوگوں کی جاگیر نہیں، وہ عوام کو ان کے حق سے محروم نہیں کر سکتے، ہر جگہ یہی جذبہ دیکھتا ہوا آرہاہوں،ایسا جذبہ پہلے کبھی نہیں دیکھا، وعدہ یاد رکھنا اور جوش کو ٹھنڈا نہ ہونے دینا،جب نواز شریف کا پیغام پہنچے تو ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر ساتھ دینا اور میرے قدم سے قدم ملا کر چلنا۔

سابق وزیر اعظم کے مریدکے پہنچنے پر عوام کی کثیر تعداد استقبال کیلئے موجود تھی،جہاں کارکنوں نے اپنے قائد کا فقیدالمثال استقبال کیااور اپنے لیڈر پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور ان کے حق میں نعرے بازی کی۔