حکومت نواز شریف کی پالیسیوں کو لے کر آگے چلے گی، وزیراعظم

ہفتہ 12 اگست 2017 17:07

حکومت نواز شریف کی پالیسیوں کو لے کر آگے چلے گی، وزیراعظم
کراچی آئی این پی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 اگست2017ء) ن) کی حکومت نواز شریف کی پالیسیوں کو لے کر آگے چلے گی، مسلم لیگ(ن)کی حکومت کی کاوشوں اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں سے کراچی میں امن قائم ہوا ہے، حکومت اور تاجر برادری ملک میں اقتصادی استحکام کیلئے کوشاں ہیں، مضبوط معیشت کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ ہفتہ کووزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے گورنر ہائوس میں تاجر برادری سے ملاقات کی۔

ملاقات میں گورنر سندھ محمد زبیر، وزیر داخلہ احسن اقبال، گورنر سٹیٹ بینک اور چیئرمین ایف بی آر موجود تھے۔ اس کے علاوہ کراچی ایوان صنعت و تجارت، ایف پی سی سی آئی اور پاکستان بزنس کونسل کے نمائندے بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ کراچی کی تاجر برادری سے ملاقات پر خوشی ہوئی ہے، کابینہ نے دوبارہ قیام کے بعد احسن انداز سے حکومتی امور کی انجام دہی شوع کر دی ہے، مسلم لیگ( ن)کی حکومت نواز شریف کی پالیسیوں کو لے کر آگے چلے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)حکومت کی کاوشوں اور سیکیورٹی فورسز یک قربانیوں سے کراچی میں امن قائم ہوا ہے، ملک میں امن و امان کے قیام کے بعد کراچی کی رونقیں لوٹ آئی ہیں کراچی میں معاشی سرگرمیوں کا فروغ یقینی بنائیں گے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت اور تاجر برادری ملک میں اقتصادی استحکام کیلئے کوشاں ہیں، مضبوط معیشت کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ اس موقع پر تاجر برادری نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے دورے اور تاجروں سے ملاقات کرنے پر وزیراعظم کے مشکور ہیں، تاجر برادری ملک میں سلامتی کی صورتحال اور اقتصادی استحکام پر حکومت کے شکرگزار ہیں۔