نیسلے اور امن فائونڈیشن کا انٹر نیشل یوتھ ڈے پرپیشہ ورانہ تربیت کی ترقی کا عزم

ہفتہ 12 اگست 2017 16:01

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اگست2017ء)انٹر نیشنل یوتھ ڈے پر نیسلے پاکستان نے امن فائونڈیشن کے ساتھ پاکستان میں اقتصادی ترقی کے لئے پیشہ ورانہ تربیت کی اہمیت پر زور دیا۔دونوں اداروں کی شراکت نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مضبوط کرنے اور ان کے لئے دستیاب اقتصادی مواقع کے معیار اور تعداد میں اضافے کا باعث ہوگی۔نیسلے پاکستان نے امن فائونڈیشن کے پیشہ ورانہ تربیتی ادارے AMANTECH میں 150 نوجوان طلبا کے ساتھ ایک سیشن منعقد کیا تاکہ پاکستان کے بہتر مستقبل کی تعمیر کے لئے ان کی شراکت کی اہمیت کو نمایاں کیا جائے۔

مذکورہ سیشن کا مقصد طالب علموں کو ان کی صلاحیتوں کی ممکنہ بہترین حد تک پہنچنے کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔ نیسلے پاکستان نے اپنے اپرنٹس شپ پروگرام کی اہمیت پر روشنی ڈالی جو طلبا کے لئے اپنے کیریئر کے راستوں کی تعمیر میں معاون ہوگا اور نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں ملازمتوں کو بہتر بنانے میں مدد دے گا۔

(جاری ہے)

اس بات کے شواہد مسلسل بڑھ رہے ہیں کہ جو نوجوان پیشہ ورانہ تربیت کا پس منظر رکھتے ہیں ان کی اپنے دیگر ساتھیوں کے مقابلے میں مواقع تک رسائی زیادہ ہوتی ہے۔

اس موقع پر نیسلے کے کارپوریٹ امور کے سربراہ، وقار احمد نے کہا - نیسلے میں اسکولوں یا یونیورسٹیوں سے براہ راست نوجوان افراد کو لینے کی ایک طویل روایت ہے۔نیسلے کا آج کا یہ عزم اس کے عالمی منصوبے کا حصہ ہے جو دنیا بھرمیں نوجوانوں کی مہارتوں کو فروغ دینے اور ملازمت حاصل کرنے میں معاون ہے۔ امن فائونڈیشن کے سی ای او، احمد جلال نے کہا : پاکستان کے اقتصادی استحکام اور ترقی کا مستقبل نوجوانوں کے کاندھوں پر ہے ۔یہ بات انتہائی ضروری ہے کہ ہم اپنے نوجوانوں کی مہارت کی ترقی کی حوصلہ افزائی کریں تاکہ ملک ترقی کرے۔