کراچی میں مکمل قیام امن کیلئے وفاق صوبائی حکومت کیساتھ تمام سیاسی جماعتوں کو تعاون کرنا ہو گا، وزیراعظم

کراچی میں قیام امن بارے وفاقی حکومت کی پالیسی برقرار رہے گی،ایم کیوایم پاکستان کے سیاسی مینڈیٹ کو تسلیم کرتے ہیں، شاہدخاقان عباسی کراچی میں وفاق کی جانب سے جاری میگا پروجیکٹس کی جلد از جلد تکمیل کی جائیگی ،عوامی مسائل کے حل کیلئے مزید منصوبے شروع کیے جائیں گے ،ایم کیو ایم کے مطالبات کو قانون کے مطابق حل کریں گے ، ایم کیوایم پاکستان کے وفد سے بات چیت

ہفتہ 12 اگست 2017 15:04

کراچی میں مکمل قیام امن کیلئے وفاق صوبائی حکومت کیساتھ تمام سیاسی جماعتوں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2017ء) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ کراچی میں مکمل قیام امن کیلئے وفاق ،صوبائی حکومت کے ساتھ تمام سیاسی جماعتوں کو تعاون کرنا ہو گا ۔ کراچی میں قیام امن کے حوالے سے وفاقی حکومت کی پالیسی برقرار رہے گی ۔ متحدہ قومی مومنٹ پاکستان کے سیاسی مینڈیٹ کو تسلیم کرتے ہیں ۔ وفاق ، سندھ حکومت ایم کیو ایم پاکستان سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر شہر قائد کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرے گا ۔

کراچی میں وفاق کی جانب سے جاری میگا پروجیکٹس کی جلد از جلد تکمیل کی جائیگی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مزید منصوبے شروع کیے جائیں گے ۔ ایم کیو ایم کے مطالبات کو قانون کے مطابق حل کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے ہفتے کو گورنر ہاؤس میں متحدہ قومی موومنٹ ( پاکستان ) کے وفد کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم پاکستان کے وفد کی قیادت پارٹی سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کی ۔

وفد میں کنور نوید جمیل ، میئر کراچی وسیم اختر ، فیصل علی سبزواری اور کامران ٹیسوری شامل تھے ۔ اس موقع پر گورنر سندھ محمد زبیر اور وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال بھی موجود تھے ۔ ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے وزیر اعظم کو آگاہ کیا کہ ایم کیو ایم پاکستان کو سیاسی سرگرمیوں کی مکمل اجازت دی جائے ۔ کراچی ، حیدر آباد سمیت صوبے کے شہری علاقوں میں ایم کیو ایم پاکستان کے دفاتر کو کھولنے کی اجازت دی جائے ۔

انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم کو بتایا کہ سندھ حکومت کی جانب سے بلدیاتی حکومتوں اور نمائندوں کو مکمل اختیارات نہ ملنے کے باعث عوامی مسائل کے حل میں شدید مشکلات کا سامنا ہے تاہم اس کے باوجود ہم عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے وزیر اعظم کو کارکنوں کی گرفتاریوں اور لاپتہ کارکنان کی بازیابی کے حوالے سے بھی آگاہ کیا اور مطالبہ کیا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے کارکنوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ بند کیا جائے اور لاپتہ کارکنان کو جلد از جلد بازیاب کرایا جائے ۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا کہ وفاق کراچی سمیت صوبے کے دیگر اضلاع کے لیے ترقیاتی پیکیجز کا اعلان کرے اور کراچی میں میگا پروجیکٹس کا مزید اعلان کیا جائے ۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے ووٹ دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حکمران مسلم لیگ کی وفاقی حکومت ایم کیو ایم پاکستان کے ساتھ اپنے ورکنگ ریلیشن شپ کو مزید بڑھائے گی اور ایم کیو ایم پاکستان کے تمام تحفظات اور مطالبات کا قانونی جائزہ لے کر ان کو حل کرنے کے لیے بتدریج اقدامات کیے جائیں گے ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے ۔ کراچی میں بحالی امن کے لیے سکیورٹی اداروں نے بڑی قربانیاں دی ہیں ۔ ہم ان قربانیوں کو ضائع نہیں ہونے دیں گے ۔ کراچی میں مستقل امن کا قیام اور ترقی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ وفاقی حکومت کراچی کے لیے میگاپروجیکٹ اور ترقیاتی پیکیج کا اعلان جلد کرے گی ۔ انہوں نے کہاکہ شہر قائد میں مستقل امن کے قیام اور ترقی کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو متحد ہو کر حکومت کا ساتھ دینا ہو گا ۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کراچی میں ہر صورت قیام امن کو یقینی بنائے گی اور شہر میں جرائم کے خاتمے کے لیے آپریشن کو جاری رکھا جائے گا ۔ وزیر اعظم نے ایم کیو ایم پاکستان کے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے مطالبات کو جلد حل کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔ ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے وزیر اعظم کو اپنے سیاسی دفتر بہادر آباد کا دورہ کرنے کی دعوت دی ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وہ جلد ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز کا دورہ کریں گے ۔