وفاقی حکومت سندھ کی ترقی کیلئے بھر پور اقدام کریگی،

عوام کے مسائل حل کرنا وفاقی حکومت کی پہلی ترجیح ہے، وزیراعظم سندھ کی ترقی کیلئے وفاق صوبائی حکومت کیساتھ ہر ممکن تعاون کریگا ،کراچی کو معاشی سماجی ترقی دینے کا ویژن ہمارے ہی پاس ہے، سیاسی محاذ آرائی سے گریزکیا جائے، وزیراعظم کی گورنرسندھ سے بات چیت کراچی آپریشن پر پیشرفت اور کچھ روز سے جرائم کی وارداتیں دوبارہ بڑھنے کی خبروں سے متعلق وزیراعظم کا گورنر سے استفسار

ہفتہ 12 اگست 2017 14:58

وفاقی حکومت سندھ کی ترقی کیلئے بھر پور اقدام کریگی،
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت سندھ کی ترقی کے لیے بھر پور اقدام کرے گی ۔عوام کے مسائل حل کرنا وفاقی حکومت کی پہلی ترجیح ہے ۔ سندھ کی ترقی کے لیے وفاق صوبائی حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا ۔کراچی کو معاشی سماجی ترقی دینے کا ویژن ہمارے ہی پاس ہے، سیاسی محاذ آرائی سے گریزکیا جائے۔

وہ ہفتہ کو گورنر ہائوس میں گورنر سندھ محمد زبیر سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے ۔ملاقات میں گورنر سندھ نے وزیراعظم کو کراچی سمیت صوبے میں امن وامان کی صورتحال،سندھ میں انفرااسٹرکچرکی بہتری اور جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی ۔گورنر سندھ نے وزیراعظم کو صوبے میں سرمایہ کاری اور تاجر برادری سے رابطوں کے بارے بھی آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں صوبوں میں امن کاقیام اور عوامی مسائل کو حل کرنا ہے ۔اس حوالے سے وفاقی حکومت بھرپور اقدام کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت صوبہ بھر کی ترقی کے لیے وفاق سندھ حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا ۔ وزیر اعظم نے گورنر سے کراچی آپریشن پر پیش رفت اور کچھ روز سے جرائم کی وارداتیں دوبارہ بڑھنے کی خبروں سے متعلق استفسارکیا، جس پرگورنرسندھ نے بتایا کہ یہ درست ہے کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کی لہر دوبارہ شروع ہوئی ہے۔