فلسطین کااقوام متحدہ کی مکمل رکنیت حاصل کرنے کے لئے درخواست دینے کا فیصلہ

ہفتہ 12 اگست 2017 10:10

غزہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2017ء) فلسطینی وزیرخارجہ ریاض المالکی کا کہنا ہے کہ فلسطینی رہنماؤں نے اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت حاصل کرنے کیلئے درخواست دینے کا فیصلہ کیا ہے۔خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق فلسطین کے وزیر خارجہ ریاض المالکی نے ریڈیو فلسطین کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ میں مکمل رکنیت کی درخواست دینے سے امریکا کی نئی حکومت اور اس ملک کے نمائندے کے ساتھ بھرپور کشیدگی پیدا ہو سکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ بھی امکان ہے کہ امریکہ فلسطین کی مکمل رکینت کی درخواست کو ویٹو کردے کیونکہ امریکا کی نئی حکومت کا اقوام متحدہ میں ایسا نمائندہ ہے کہ جو فلسطین کے جائز حقوق کی کھلی مخالفت کا اعلان کر چکا ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ فلسطین کو تسلیم کرنے والے 148 ملکوں کی حمایت پر ہی نہیں رکنا چاہئے بلکہ اس میں دیگر ممالک کا بھی اضافہ کرنا چاہئے اور اس کا تقاضہ ہے کہ فلسطینی مختلف سطح پر اپنی سرگرمیاں بڑھا دیں تاکہ آئندہ مہینے اقوام متحدہ کے اجلاس کے لئے تیار ہو جائیں۔واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 2012ء میں فلسطین کو اس ادارے کے مبصر رکن کی حیثیت دے دی تھی۔ اس وقت دنیا کی 148 حکومتیں فلسطین کو آزاد ملک کی حیثیت سے تسلیم کر چکی ہیں۔

متعلقہ عنوان :