اسلام آباد،تھانہ گولڑہ کے علاقے میں مسلح ڈاکوؤں کی پولیس پر فائرنگ ، اے ایس آئی اور ایک راہگیر شدید زخمی

زخمی پمز منتقل ، ایس ایچ او گولڑہ نے بھاگ کر جان بچائی ،ذرائع پولیس نے موثر کارروائی کر کے ڈکیتی کی واردات کو ناکام بنایا ہے،ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا، ایس ایچ او گولڑہ انسپکٹر خالد اعوان کا موقف

جمعہ 11 اگست 2017 23:18

اسلام آباد،تھانہ گولڑہ کے علاقے میں  مسلح ڈاکوؤں کی پولیس پر  فائرنگ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اگست2017ء) نئے وزیر داخلہ کو ڈاکوؤں کی پہلی سلامی، چار مسلح ڈاکوؤں کی پولیس پر فائرنگ سے اے ایس آئی اور ایک راہگیر شدید زخمی ہوگئے جبکہ فائرنگ شروع ہوتے ہی ایس ایچ او گولڑہ بھاگ نکلے ،زخمیوں کو فوری طور پر پمز ہسپتال شفٹ کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں جرائم کی شرح میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس سے شہریوں کے ساتھ انکی محافظ فورس پولیس بھی محفوظ نہیں ہے ۔

ذرائع کے مطابق جمعہ کی رات گولڑہ ریلوے اسٹیشن کے قریب 4مسلح ڈاکوؤں نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی ،جس پر پولیس کی جانب سے جوابی فائرنگ کی گئی اس دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ اے ایس آئی سلیم اور ایک راہگیر تیمور شدید زخمی ہو گئے جن کو فوری طور پر پاکستان انسٹیٹیوٹ آف سائنس(پمز) شفٹ کر دیا گیا ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ مسلح ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایس ایچ او گولڑہ نے جائے وقوعہ سے بھاگ کر اپنی جان بچائی۔

آن لائن کے رابطے پر ایس ایچ او گولڑہ انسپکٹر خالد اعوان کا کہنا تھا کہ وہ خود موقع پر موجود تھے ، یہ ڈکیتی کی واردات تھی ، پولیس نے موثر کارروائی کر کے ڈکیتی کی واردات کو ناکام بنایا ہے پولیس کی جانب سے جوابی فائرنگ بھی کی گئی ، ملزمان فرار ہوگئے ہیں انہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا ۔ واضح رہے کہ نئے وزیر داخلہ احسن اقبال کے چارج سنبھالتے ہی مسلح ڈاکوؤں نے شہر اقتدار میں دوبارہ سر اٹھانا شروع کردیا ہے جو وزارت داخلہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔