Live Updates

این اے 120 کی انتخابی مہم، تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر اعتراض اٹھا دیا

وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا چیف الیکشن کمشنر کو خط این اے 120 لاہور کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن پر باضابطہ اعتراض اٹھا دیا الیکشن کمیشن نے یکم اگست کو جاری کئے گئے نوٹیفکیشن میں اراکین اسمبلی پر حلقے کے دورے پر پابندی عائد کی تھی نوٹیفکیشن کے پیرا نمبر 5 اور 6 پر ہمیں اعتراض ہے، حزب اختلاف کا حصہ ہوتے ہوئے تو میرا اپنے حلقہ انتخاب کی ترقی کیلئے وسائل پر بھی کوئی اختیار نہیں، چنانچہ الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن پر ہمارا اعتراض معقول اور بالکل جائز ہے، شاہ محمود قریشی کمیشن اس نوٹیفکیشن کے مذکورہ حصے سے "اراکین قومی اسمبلی/ صوبائی اسمبلی" جیسے الفاظ حذف کرے، شاہ محمود قریشی

جمعہ 11 اگست 2017 23:04

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 اگست2017ء) این اے 120 کی انتخابی مہم کے حوالے سے تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر اعتراض اٹھا تے ہوئے چیف الیکشن کمشنر کو خط ارسال کر دیا ۔ خط وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے لکھا۔ تفصیلات کے مطابق انہوں نے خط میں این اے 120 لاہور کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن پر باضابطہ اعتراض اٹھایا۔

الیکشن کمیشن نے یکم اگست کو جاری کئے گئے نوٹیفکیشن میں اراکین اسمبلی پر حلقے کے دورے پر پابندی عائد کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ نوٹیفکیشن کے پیرا نمبر 5 اور 6 پر ہمیں اعتراض ہے۔انتخابات کو کسی بھی قسم کے ناجائز اثر اور کسی خاص امیدوار کیلئے خصوصی فوائد کا رستہ روکنا الیکشن کمیشن کا مطمع نظر ہے۔

(جاری ہے)

حزب اختلاف کے ایک رکن کے طور پر میرے پاس وسائل ہیں نہ ہی میں حکومتی اختیار و اسباب کا حامل ہوں۔

حزب اختلاف میں رہتے ہوئے میں این اے 120 کے عوام سے کسی قسم کا وعدہ کرنے یا انہیں ترغیب دینے کی طاقت نہیں رکھتا۔ شاہ محمود قریشی نے مزید لکھا کہ حزب اختلاف کا حصہ ہوتے ہوئے تو میرا اپنے حلقہ انتخاب کی ترقی کیلئے وسائل پر بھی کوئی اختیار نہیں۔اسی طرح حکومت اور اسکے اداروں پر بھی میرا کسی قسم کا اثر نہیں۔میرے برعکس حکومتی نشستوں پر بیٹھنے والے اراکین ایسے تمام وسائل و اسباب تک رسائی رکھتے ہیں جن کے ذریعے انتخابات پر اثرانداز ہونا ممکن ہے۔

اسی طرح برسر اقتدار ہونے کے ناطے تمام حکومتی وسائل بالواسطہ یا بلاواسطہ نون لیگی امیدوار کے زیر اثر ہوں گے۔چنانچہ الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن پر ہمارا اعتراض معقول اور بالکل جائز ہے۔کمیشن اس نوٹیفکیشن کے مذکورہ حصے سے "اراکین قومی اسمبلی/ صوبائی اسمبلی" جیسے الفاظ حذف کرے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات