مسلم لیگ ن کا لانگ مارچ نہیں بلکہ نااہلی پر ماتمی جلوس تھا،میاں عمران مسعود

جمعہ 11 اگست 2017 22:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اگست2017ء) پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات میاں عمران مسعود سابق وزیر تعلیم پنجاب نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کا لانگ مارچ نہیں بلکہ ماتمی جلوس تھا ۔انہوںنے سعد رفیق کی جانب سے لالہ موسی میں 12سالہ بچے کی جلوس میں ہلاکت پر اسے تحریک کا شہید کہلانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جلوس کے شرکاء کو اتنی توفیق نہ ہوئی کہ وہ اس بچے کو اٹھا کر ہسپتال بھجوادیتے الٹا اپنی تقریر میں اسے شہید قرار دے رہے ہیں اس بچے کا باپ شدید غم سے ہارٹ اٹیک کا شکار ہوکرہسپتال میں زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا ہے اور اہل علاقہ نے اس قتل پر ن لیگ سے شدید احتجاج کیا ہے۔

میاں عمران مسعود نے کہا کہ سعد رفیق نے چوہدری برادران کے خلاف غلیظ زبان استعمال کرکے اپنی نیچ اوقات ظاہر کردی یہ وہی لوگ ہیں جنہوںنے خوشامد کرکے اپنی جماعت کا بیڑہ غرق کردیا اور نواز شریف کو اس نہج پر پہنچا دیا کہ وہ تمام عمر نااہل ہوکر سڑکوں پردربدر ہیں۔

(جاری ہے)

گجرات کے لوگ آج بھی چوہدری برادران کے ساتھ ہیں اگر ن لیگ میں دم ہوتا تو وہ گجرات کی قومی اسمبلی کی سیٹ جیت لیتے،لوگ جانتے ہیں کہ یہ لوگ عدلیہ اور فوج کے خلاف تصادم کی راہ پر جارہے ہیں انشاء اللہ ایک آدمی بھی اب سڑکوں پر نہیں آئے گا۔

انہوںنے کہا کہ لانگ مارچ کی آڑ میں دو دن تک گجرات شہر کو بند رکھا گیا بچے سکول نہ جاسکے،لوگ گھروں میں محصور رہ گئے دکانیں بند ہونے سے گھروں کے چولہے بند اور بچے بھوک سے تڑپتے رہے ۔یہ لانگ مارچ نہیں ظالم راج ہے ۔

متعلقہ عنوان :