عوام ووٹ دیتے ہیں اور دوسرے نکال کر باہر پھینک دیتے ہیں،

پاکستان کی تقدیر بدلنے تک نہ خود چین سے بیٹھوں گا اور نہ آپ کو چین سے بیٹھنے دوں گا، ہم ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر پاکستان کی تقدر سنواریں گے،, گذشتہ تین سال سے سازشیں ہو رہی ہیں، اس کے باوجود ترقی کا پہیہ تیز کیا جس کے باعث نواز شریف کو وزارت عظمیٰ سے نکالا گیا سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کا گوجرانوالہ میں ریلی کے شرکاء سے خطاب

جمعہ 11 اگست 2017 22:42

عوام ووٹ دیتے ہیں اور دوسرے نکال کر باہر پھینک دیتے ہیں،
گوجرانوالہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2017ء) سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ عوام ووٹ دیتے ہیں اور دوسرے نکال کر باہر پھینک دیتے ہیں، پاکستان کی تقدیر بدلنے تک نہ خود چین سے بیٹھوں گا اور نہ آپ کو چین سے بیٹھنے دوں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو گوجرانوالہ میںریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ فقید المثال استقبال پر گوجرانوالہ کے عوام کا مشکور ہوں، یہ پیار محبت زندگی بھر نہیں بھولوں گا، گوجرانوالہ کے باسی مجھ سے بہت پیار کرتے ہیں اور میں بھی آپ سے بہت پیار کرتا ہوں، میں لاہور گھر جا رہا تھا، گوجرانوالہ والوں نے یہاں روک لیا۔

انہوں نے کہا کہ ججوں کی بحالی کیلئے جب مارچ کیا تو گوجرانوالہ پہنچنے پر جج بحال ہونے کا اعلان ہو گیا، یہ مبارک شہر ہے۔

(جاری ہے)

عوام کے نعروں کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ آئی لو یو ٹو، عوام نے نواز شریف کو وزیراعظم بنایا انہوں نے نکال دیا، عوام نواز شریف کو دوبارہ وزیراعظم بنائیں گے، یہ میرا مقصد نہیں ہے، میرا عوام کے سامنے یہ مقدمہ ہے کہ ملک کے مالک 20 کروڑ عوام ہیں یا نہیں ہیں، مجھے کس بات پر نکالا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں روشنیاں واپس آ رہی تھی، لوڈ شیڈنگ ختم ہو رہی تھی، سستی بجلی آ رہی تھی، ملک ترقی کر رہا تھا، بے روزگاری کا خاتمہ ہو رہا تھا، دنیا مان رہی تھی کہ پاکستان ترقی کر رہا ہے، تجارت بڑھنے لگی تھی، ملک میں موٹرویز اور شاہراہیں بن رہی تھیں، ملک میں امن قائم ہو رہا تھا، یہ مجھ کو راس نہیں آیا، ان لوگوں کو برداشت نہیں ہوا، یہ سوچا گیا کہ نواز شریف کامیاب ہو گیا تو آئندہ انتخابات میں بھی کامیابی ان کی ہے، پاکستان میں بدحالی ختم ہو گئی، امن قائم ہو گیا، ملک خوشحال ہو گیا، غربت کا خاتمہ ہو گیا، ہسپتال بننے لگے تو وہ سمجھنے لگے کہ ان کی کوئی عزت نہیں رہ جائے گی، عوام پھر نواز شریف کو منتخب کر لیں گے، وہ وزیراعظم بن جائیں گے اس لئے سازش کی گئی، گذشتہ تین سال سے سازشیں ہو رہی ہیں، اس کے باوجود ترقی کا پہیہ تیز کیا جس کے باعث نواز شریف کو وزارت عظمیٰ سے نکالا گیا، کیا کرپشن کی تھی میں نی کیا رشوت لی تھی نکالنے والے بھی جانتے ہیں نواز شریف نے کرپشن نہیں کی، ان سے پوچھنا چاہئے، انہوں نے نواز شریف کو کیوں نکالا، پاکستان سے میں نے کیا غداری کی میں پاکستان کا وفادار ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا تین بار وزیراعظم بنا تھا، بتائیں کون سی کرپشن اور حرام کی کمائی کی ہی ۔ انہوں نے کہا کہ منتخب وزیراعظم سے یہ سلوک کیا جاتا ہے،۔ انہوں نے میری پہلی دو حکومتیں اڑھائی سال بعد ختم کر دیں، اب پھر میری حکومت کو مدت پوری کرنے نہیں دی گئی، اس ملک میں عوام کے ووٹوں کی عزت ہے یا نہیں، جب کوئی چاہئی 20 کروڑ کے عوام کے ووٹ کی پرچی کو پھاڑ کر پھینک دے۔

انہوں نے کہا کہ 70 سال سے پاکستان کی یہ تاریخ رہی ہے جو بھی وزیراعظم آیا اسے نکالا گیا، وزیراعظم کو پھانسی دی گئی، جیلوں میں ڈالا گیا، جلا وطن کیا گیا، کیا وزیراعظم کے ساتھ ایسا ہی ہوتا رہے گا پاکستان کے علاوہ کسی اور ملک میں یہ نہیں ہوتا، یہ صرف پاکستان کے حصہ میں آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 18 وزراء اعظم کو اوسطاً ڈیڑھ ڈیڑھ سال حکومت ملی جبکہ تین ڈکٹیٹر نے 30 سال حکمرانی کی، یہ تماشا کب تک ہوتا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ 14 اگست کو قیام پاکستان کے 70 سال ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ کے عوام اپنے عہد کو نبھاتے ہیں، پاکستان کی ترقی کسی کو راس نہیں آئی اور کوئی بہانہ نہیں ملا تو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر مجھے نااہل کر دیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف گھر میں بیٹھنے والا نہیں، ہم عزت دار قوم بننا چاہتے ہیں، ہمارے مقابلہ میں ہم سے پیچھے رہنے والی قومیں آگے نکل گئیں، دنیا میں پاکستان کا مقام بن رہا تھا تو منتخب وزیراعظم کو گھر بھیج دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ آپ کے ووٹ کا احترام ہو گا تو آپ کو حقوق ملیں گے، انصاف قائم ہو گا، ظلم ختم ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان میں سی پیک جیسا مثالی منصوبہ شروع کیا جس سے نوجوانوں کو روزگار مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں آپ کے پاس اپنے لئے نہیں پاکستان کی عزت و وقار کیلئے آیا ہوں اس سے آپ کے بچوں کو باعزت روزگار ملے گا، میرا دل نوجوانوں کے دلوں کے دھڑکتا ہے، میں آپ لوگوں اور آپ کے بچوں کے مستقبل کیلئے آپ کو جگانے آیا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ آپ نیا پاکستان تعمیر کرنے میں میرا ساتھ دیں، ہم مل کر نئی تاریخ رقم کریں گے، ہم ملک کی تقدیر بدلیں گے، نواز شریف آپ کے ساتھ ہے، دل سے عہد کرو کہ پاکستان کی تقدیر بدلو گے۔ انہوں نے کہا کہ ان نوجوانوں اور بچوں کیلئے آپ میرا ساتھ دو گے جو امید بھری نظروں سے کب سے دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنا پروگرام دوں گا، آپ میرا ساتھ دو گے، گھبرائو نہیں ہم کہیں نہیں جا رہے، ہم یہاں موجود ہیں، پاکستان چند لوگوں کا نہیں، کروڑوں لوگوں کا ملک ہے، یہ آپ کا اور نواز شریف کا ملک ہے، اپنا وعدہ وفا کرو گے، ہم ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر پاکستان کی تقدر سنواریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج راستے میں حادثہ ہوا جس میں میرا کارکن شہید ہوا اس پر مجھے بہت افسوس ہے۔