امیر جماعت اسلامی کا اسلام آباد میں قائم سعودی سفارتخانے کا دورہ

پاکستان میںتعینات ہونیوالے سعودی عرب کے نئے سفیر نواف بن سعید المالکی کو ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی حرمین شریفین دنیا کے ہر مسلمان کیلئے مقدس و محترم مقامات ہیں، سرزمین حرمین سمیت پورے عالم اسلام کو خطرناک سازشوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے،امت مسلمہ کو تقسیم در تقسیم کیا جا رہا ہے ،کشمیر فلسطین شام ویمن میں خون کی ندیاں بہائی جا رہی ہیں ، امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کی گفتگو

جمعہ 11 اگست 2017 22:14

امیر جماعت اسلامی کا اسلام آباد میں قائم سعودی سفارتخانے کا دورہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 اگست2017ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے اسلام آباد سعودی سفارتخانے کا دورہ کیا اور پاکستان میںتعینات ہونے والے سعودی عرب کے نئے سفیر نواف بن سعید المالکی کو ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے لئے نیک تمناؤں کااظہار کیا .اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حرمین شریفین دنیا کے ہر مسلمان کے لئے مقدس و محترم مقامات ہیں، سرزمین حرمین سمیت پورے عالم اسلام کو خطرناک سازشوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، امت مسلمہ کو تقسیم در تقسیم کیا جا رہا ہے ،کشمیر فلسطین شام اور یمن میں خون کی ندیاں بہائی جا رہی ہیں ، ان تمام سازشوں کا مقابلہ باہمی اتحاد و یکجہتی ہی کے ذریعے کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

بروز جمعہ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب باہمی اتحاد ویکجہتی سے خطے میں قائدانہ کردار ادا کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں لاکھوں کی تعداد میں موجود پاکستانی محنت کش بھی دونوں برادر ملکوں کی مضبوط دوستی کی علامت ہیں۔ اس موقع پر سعودی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب یک جان دو قالب ہیں۔ اور یہ دو طرفہ دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے۔اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں محمد اسلم اور جماعت اسلامی پاکستان کے ڈائریکٹر امور خارجہ عبد الغفار عزیز بھی موجو دتھے ۔