کچرا کنڈیوں کی صفائی کو یقینی بنایا جائے، چیئرمین بلدیہ ملیر

جمعہ 11 اگست 2017 22:34

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2017ء) چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ نے کہا ہے کہ تیرہ یونین کونسلوں کی کچرا کنڈیوں سے روزانہ کی بنیاد پر کچرا اٹھا کر ٹھکانے لگانے کے عمل کو یقینی بنایا جائے۔ یہ بات انہوں نے میونسپل کمشنر عمران اسلم کے ہمراہ یو سی 1 دائود چورنگی تا فیوچر موڑ تک جاری صفائی ستھرائی کے کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈائریکٹر سولیڈ ویسٹ واثق ظفر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ کچرا اٹھانے کے بعد ان مقامات پر جراثیم کش ادویات کا اسپرے بھی کیا جائے تاکہ جراثیم کی افزائش کو روکا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی شاہراہوں اور اندرونی علاقوں کی سڑکوں کے کناروں پر جمع ہونے والی مٹی کی صفائی لازمی کروائی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سب انسپکٹر اور مقدم اپنے علاقوں میں صفائی ستھرائی کے عمل کو بہتر بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کریں۔