نیب زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے پرعزم ہے،

قمرزمان چودھری نیب پاکستان میں بدعنوانی کی روک تھام کا اعلیٰ ادارہ ہے جو آگاہی، تدارک اور قانون پر عملدرآمد کے ذریعے بدعنوانی کی روک تھام کی مؤثر حکمت عملی پر عمل پیرا ،بدعنوان عناصر سے لوٹی گئی رقوم برآمد کرکے قومی خزانہ میں جمع کراتا ہے،چیئرمین کا نیب ہیڈکوارٹر اور علاقائی بیوروز کی وسط مدتی کارکردگی کے جائزہ اجلاس سے خطاب

جمعہ 11 اگست 2017 22:34

نیب زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2017ء) چیئرمین نیب قمر زمان چودھری نے کہا ہے کہ بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے، قومی احتساب بیورو زیرو ٹالرنس کی پالیسی اختیار کرتے ہوئے بدعنوان عناصر کے خلاف بھی بلاتفریق کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے، نیب پاکستان میں بدعنوانی کی روک تھام کا اعلیٰ ادارہ ہے جو آگاہی، تدارک اور قانون پر عملدرآمد کے ذریعے بدعنوانی کی روک تھام کی مؤثر حکمت عملی پر عمل پیرا ،بدعنوان عناصر سے لوٹی گئی رقوم برآمد کرکے قومی خزانہ میں جمع کراتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب ہیڈکوارٹر اور علاقائی بیوروز کی وسط مدتی کارکردگی کا جائزہ لینے کے دوران کیا جو چیئرمین کی مانیٹرنگ اینڈ انسپکشن ٹیم نے پیش کی۔ نیب کی چیئرمین انسپکشن اینڈ مانیٹرنگ ٹیم کو نیب ہیڈ کوارٹر اور تمام علاقائی بیوروز کی معیاری مقداری نظام کے تحت وسط مدتی کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے ذمہ داری سونپی گئی تھی۔

(جاری ہے)

چیئرمین مانیٹرنگ اینڈ انسپکشن ٹیم کے سینئر ممبر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ 2017ء کیلئے وسط مدتی انسپکشن کی۔ انہوں نے چیئرمین نیب کو وسط مدتی انسپکشن سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور نیب ہیڈ کوارٹرز اور علاقائی بیوروز کی خوبیوں اور خامیوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2014ء میں قومی احتساب بیورو کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے جہاں نیب میں بہت ساری اصلاحات متعارف کرائیں وہاں انہوں نے نیب کے تمام علاقائی دفاتر اور نیب ہیڈکوارٹرز کی سالانہ کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے معیاری گریڈنگ کا نظام وضع کیا۔

انہوں نے کہا کہ نیب کی چیئرمین انسپکشن اینڈ مانیٹرنگ ٹیم نے جنوری اور فروری 2017ء کے دوران تمام علاقائی بیوروز اور نیب ہیڈ کوارٹرز کی سالانہ کارکردگی کا جائزہ لیا تاکہ قومی احتساب بیورو کے چیئرمین قمر زمان چوہدری کی طرف سے نئے شروع کئے گئے مقداری گریڈنگ سسٹم کی بنیاد پر نیب کے تمام علاقائی بیوروز اور ہیڈکوارٹر کے تمام ڈویژن کی کارکردگی کا جائزہ لیا جا سکے۔

اسی طرح چیئرمین انسپکشن اینڈ مانیٹرنگ ٹیم نے جولائی 2017ء میں وسط مدتی انسپکشن کی اور سالانہ انسپکشن کی بنیاد پر خامیوں پر قابو پانے کے فیصلوں پر عملدرآمد سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے نیب ہیڈ کوارٹرز اور تمام علاقائی بیوروز کی وسط مدتی انسپکشن کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے، نیب زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے پرعزم ہے کیونکہ بدعنوانی سے ترقی کا عمل متاثر ہوتا ہے اور لوگ اپنے حقوق سے محروم رہ جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیب پاکستان میں بدعنوانی کی روک تھام کا اعلیٰ ادارہ ہے جو کہ آگاہی، تدارک اور قانون پر عملدرآمد کے ذریعے بدعنوانی کی روک تھام کی مؤثر حکمت عملی پر عمل پیرا ہے اور بدعنوان عناصر سے لوٹی گئی رقوم برآمد کرکے قومی خزانہ میں جمع کراتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کے علاقائی بیوروز اس کے اہم جزو ہیں جو کہ شکایات کی جانچ پڑتال انکوائری، انوسٹی گیشن مقدمات کی پراسکیوشن، ٹرائل اور ایپلیٹ مرحلہ پر اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

نیب ہیڈکوارٹرز کے آپریشن ڈویژن اور پراسکیوشن ڈویژن معیاری کام کے طریقہ کار اور قانون کے مطابق آپریشن سرگرمیوں کیلئے مکمل تعاون فراہم کر رہے ہیں، آپریشنل طریقہ کار نیب کی انسداد بدعنوانی کی حکمت عملی میں رہنما اصول فراہم کرتا ہے جس سے ادارے کی موئژ مانیٹرنگ اور احتساب ممکن ہے، آپریشنل فیصلہ سازی مشاورتی طریقہ کار سے ہوتی ہے جسے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس کہتے ہیں جس میں نیب کے علاقائی بیورواور ہیڈ کوارٹر ز کے سینئر افسران ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قومی اور عالمی اداروں نے بھی نیب کی انسداد بدعنوانی کی مؤثر حکمت عملی کا اعتراف کیا ہے جو کہ نیب کی کوششوں سے ممکن ہوا ہے اور یہ پاکستان کیلئے قابل فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب بلاامتیاز زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے قوم کی امنگوں پر پورا اترنے کیلئے پرعزم ہے، نیب کی مجموعی سزا کی شرح 76 فیصد ہے جو کہ سب سے بہترین کارکردگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب شفافیت اور میرٹ پر عمل کرتے ہوئے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے نیب افسران بدعنوانی کے خاتمہ کو قومی ذمہ داری سمجھتے ہوئے بھرپور انداز میں اس کے خاتمہ کیلئے کوشاں ہیں۔

متعلقہ عنوان :