نواز شریف عدلیہ کو جسٹس قیوم والی عدلیہ اور فوج کو پنجاب پولیس بنانا چاہتے ہیں،حامد رضا

جمعہ 11 اگست 2017 22:25

نواز شریف عدلیہ کو جسٹس قیوم والی عدلیہ اور فوج کو پنجاب پولیس بنانا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اگست2017ء) سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ نواز شریف عدلیہ کو جسٹس قیوم والی عدلیہ اور فوج کو پنجاب پولیس بنانا چاہتے ہیں۔ سابق نااہل وزیر اعظم جمہوریت کا مقدمہ نہیں ذاتی لڑائی لڑ رہے ہیں۔ جمہوریت آئینی اداروں کو بدنام کرنے کا نام نہیں۔ جی ٹی روڈ مہم سے پاناما کا داغ دھل نہیں سکتا۔

نواز شریف نے جنرل ضیاء کی مہربانی اور جنرل جیلانی کی نگرانی میں سیاست شروع کی۔ ن لیگ 62، 63 کو ختم کر کے لوٹ مار کا لائسنس حاصل کرنا چاہتی ہے۔ نواز شریف ہاری ہوئی جنگ جیتنے کی ناکام کوشش میں جی ٹی روڈ پر رل رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے 12 اگست کے جلسے کی تیاریوں کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ نواز شریف کے جعلی استقبال کے شرکاء آئے نہیں لائے گئے ہیں۔

حکومت نااہل وزیراعظم کی سہولت کار بن کر قانون کی دھجیاں اڑا رہی ہے۔ سابق وزیراعظم کا عوام کو عدلیہ اور فوج کے خلاف اکسانا غیر آئینی غیر قانونی ہے۔ ایک کروڑ ووٹ لینے والی جماعت اکیس کروڑ پاکستانیوں کی نمائندہ نہیں ہو سکتی۔ چیئرمین سنی اتحاد کونسل کا مزید کہنا تھا کہ ریاستی آئینی اداروں کو متنازعہ بنانا بھارتی ایجنڈا ہے۔ جی ٹی روڈ ریلی مایوس کن اور حکمران جماعت کے لئے باعث ندامت ہے۔

بے رحم اور بلا امتیاز احتساب وقت کی ضرورت ہے۔ سابق وزیر اعظم مسلسل توہین عدالت کا ارتکاب کر رہا ہے۔ نواز شریف بچگانہ تقریریں دہرا کر اپنی شکست کو فتح میں نہیں بدل سکتا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ ووٹ کی توہین پانچ ججوں نہیں پاناما زدہ وزیراعظم نے خود کی ہے۔ عوام کے ووٹوں سے اقتدار میں آ کر کرپشن کرنا ووٹ کی حرمت پامال کرنا ہے۔ نواز شریف کا روڈ شو سرکاری وسائل و ذرائع کے استعمال کے باوجود مکمل طور پر ناکام ہو گیا ہے۔