رکاوٹوں کے باوجود پاکستان اپنی منزل ضرور حاصل کریگا، قوم کو تقسیم کرنیوالوں کو خمیازہ بھگتنا پڑیگا:شہبازشریف

نواز شریف ایسے قومی لیڈر ہیں جو ہر پاکستانی کے دل کی دھڑکن ہیں،تباہ حال معیشت کی بحالی ان کا سنہری کارنامہ ہے دھرنا گروپ کوقوم کا روشن مستقبل گوارہ نہیں ،مسلم لیگ (ن) کی عوامی مقبولیت نے مخالفین کی سیاست کا دھڑن تختہ کر دیا ہے محمد نوازشریف کا فقیدالمثال استقبال عوام کی ان سے والہانہ محبت کا ثبوت ہے ،عوام اورانہیں ایک دوسرے سے جدا نہیں کیا جاسکتا،وزیر اعلی پجاب

جمعہ 11 اگست 2017 22:22

رکاوٹوں کے باوجود پاکستان اپنی منزل ضرور حاصل کریگا، قوم کو تقسیم کرنیوالوں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اگست2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ محمد نوازشریف کا فقیدالمثال استقبال عوام کی ان سے والہانہ محبت کا ثبوت ہے اور ان کا شاندار استقبال اس بات کا غماز ہے کہ عوام ملک کی ترقی چاہتے ہیںاورمحمد نوازشریف اور عوام کو ایک دوسرے سے جدا نہیں کیا جاسکتا۔عوام نے ہمیشہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیاہے اور مسلم لیگ (ن) نے زبانی جمع خرچ کرنے کی بجائے ملک کی ترقی کیلئے عملی اقدامات کئے ہیںاورمحمد نوازشریف کی شاندار پالیسیوں کی بنا پر ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

وزیراعلیٰ شہبازشریف نے آج یہاں اپنے ایک بیان میں کہا کہ ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی ہمارا نصب العین ہے جبکہ نام نہاد تبدیلی کے دعویدار گزشتہ 4 برس میں صرف سڑکوں پر رہے ہیں اور عوام کی خدمت کی بجائے منفی سیاست ان کا شیوہ رہاہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ملک کو تاریکیوں سے نکالنے اور توانائی منصوبے لگانے کا سہرا مسلم لیگ (ن) کے سر ہے اورگزشتہ برسوں کے مقابلے میں آج پاکستان معاشی طور پر مستحکم ہے، تباہ حال معیشت کی بحالی محمد نواز شریف کا سنہری کارنامہ ہے اوران کے چار سالہ دور کی معاشی پالیسیوں سے معیشت مضبوط بنیادوں پر استوار ہوئی ہے جبکہ حکومت کی موثر پالیسیوں کی بنا پر دہشت گردی اور انتہاپسندی میں خاطرخواہ کمی آئی ہے۔

انہوںنے کہاکہ خود دار ، خوشحال اورروشن پاکستان ہماری منزل ہے اوراس سفرمیں رکاوٹ بننے والے شکست خوردہ سیاسی عناصر قوم کے مجرم ہیںجنہوںنے عوام کی خوشحالی کے پروگرام میںذاتی مفادات کی خاطر رخنہ ڈالا،یہ وہ عناصر ہیںجنہیں عوام ضمنی انتخاب ہو یا عام انتخابات یکسر مسترد کر چکی ہے اور 2018ء کے عام انتخابات میں بھی عبرتناک شکست ان عناصر کا مقدر ہے ۔

انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی عوامی مقبولیت نے مخالفین کی سیاست کا دھڑن تختہ کر دیا ہے - محمد نواز شریف کا والہانہ اور پرتپاک استقبال ثابت کرتا ہے کہ وہ ہی قومی لیڈر ہیں اورمحمد نواز شریف ہر پاکستانی کے دل کی دھڑکن ہیںاور قوم ترقی کے سفر کی تکمیل کیلئے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہے اور پاکستان کے عوام محمد نوازشریف کو دل و جان سے چاہتے ہیں جبکہ دوسری طرف مخالفین پرمحمد نواز شریف کی عوامی مقبولیت کا خوف طاری ہے لیکن مخالفین کی منفی سیاست محمد نواز شریف اور عوام کے درمیان محبت کے رشتے کو ختم نہیں کرسکتی-وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام پوچھنے میں حق بجانب ہیں کہ ترقی کا راستہ روکنے والے کس کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔

انتشار اور منافقت کی سیاست ملک کی خدمت نہیں ۔ملک کی ترقی کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔افسوس کی بات ہے کہ دھرنا گروپ کوقوم کا روشن مستقبل کسی صورت گوارہ نہیں - انہوںنے کہا کہ وطن عزیز کا مستقبل تابناک ہے، انشاء اللہ اس مقصد کے حصول کیلئے دن رات ایک کردیں گے اورپاکستان کے 20 کروڑ عوام کسی کو ملک و قوم کا مستقبل تاریک نہیں کرنے دیں گے - وزیراعلیٰ نے کہا کہ پوری قوم ترقی کیلئے اٹھ کھڑی ہو اور محنت و ہمت سے اس مقصد کے حصول کیلئے آگے بڑھے۔ مخالفین کی رکاوٹوں کے باوجود انشاء اللہ پاکستان اپنی منزل ضرور حاصل کرے گاجبکہ قوم کو تقسیم کرنے والے شکست خوردہ سیاسی عناصر کو خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔